چیک پوسٹ پر حملے سے قبل علی وزیر نے فوجی اہلکار کو کیا دھمکی دی؟ ویڈیو سامنے آگئی
شمالی وزیر ستان (ڈیلی پاکستان آن لائن) شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں پی ٹی ایم کارکنوں کی جانب سے پاک فوج کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں پانچ فوجی اہلکار زخمی ہوئے۔ پاک فوج کی جانب سے کی جانے والی جوابی کارروائی میں پی ٹی ایم کے تین کارکن مارے گئے جبکہ 10 زخمی ہوئے۔ پاک فوج کی جانب سے پی ٹی ایم کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا گیا جبکہ رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ موقع سے فرار ہوگئے۔
پی ٹی ایم کارکنوں کے پاک فوج کے ساتھ تصادم سے پہلے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو فوجی اہلکار کے ساتھ جھگڑتے اور اسے دھمکیاں دیتے دیکھا جاسکتا ہے۔ علی وزیر نے چیک پوسٹ پر موجود فوجی اہلکار سے پہلے دست و گریباں ہونے کی کوشش کی تاہم موقع پر موجود پی ٹی ایم کارکنوں نے انہیں پیچھے دھکیل دیا۔ علی وزیر نے فوجی اہلکار کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ’ بتادوں گا کہ میں کون ہوں پھر آپ دیکھتے رہوگے‘۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چیک پوسٹ کی اوپری منزل پر موجود اہلکار نے ریڈیو کے ذریعے اپنے باقی ساتھیوں کو اطلاع دینے کی کوشش کی تو اس کو بھی دھمکیاں دی گئیں۔
چیمہ صاحب! کیا پر امن لوگ ایسے فوجیوں کے ساتھ بدمعاشی کرتے ہیں؟@UmarCheema1 pic.twitter.com/kQhYR7z3wn
— Anwar Lodhi (@AnwarLodhi) May 26, 2019