”اگر یہ بات مجھ پر ثابت ہوگئی تو میں سیاست چھوڑ دوں گی“، فردوس عاشق اعوان نے بڑا اعلان کردیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق نے کہا ہے کہ اگرنیب کے حوالے سے میرے ساتھ کوئی چیز نتھی ہو ئی تومیں سیاست سے لاتعلقی کا اعلان کردوں گی لیکن جو اس قسم کے الزامات لگاتے ہیں ،اگر یہ الزامات جھوٹ ثابت ہوئے تو ان کی سزا کا بھی تعین کرنا چاہئے ۔
جیونیوز کے پروگرام ”جرگہ “میں گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کادفاع کرنا بہت آسان ہے ،چیئر مین نیب کے ساتھ ہم نے کچھ نہیں کیا ، یہ ایک بدقسمت واقعہ ہے جس کی کڑیاں وزیر اعظم کے ساتھ جوڑی جارہی ہیں ، یہ ایک انفرادی فعل ہے جو کسی کا ذاتی ایکشن قرار دیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے نیب کو استحکام دیا اورمدددی ، نیب کو ایک ریاستی ادارہ مانتے ہوئے سہولت کاری کی نہ کہ نیب کو تڑیاں دیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے ہیلی کاپٹر کیس والے معاملے پر تحفظات ہونگے لیکن کسی شخص کے خلاف شکایت آنا کوئی ایشو نہیں ہے لیکن اگر اس شکایت کو ہٹ کر لینے سے تحفظات پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرویوکے حوالے سے کہی گئی باتوں کی چیئر مین نیب تردید کرچکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگرنیب کے حوالے سے میرے ساتھ کوئی چیز نتھی ہو ئی تومیں سیاست سے لاتعلقی کا اعلان کردوں گی لیکن جو اس قسم کے الزامات لگاتے ہیں ، ان کی سزا کا بھی تعین کرنا چاہئے ، میرے حوالے سے طرح طرح کے الزامات سوشل میڈیا پر لگائے جاتے ہیں۔