مسلم لیگ ن نے مڈٹرم الیکشن کرانے کا مطالبہ کردیا

مسلم لیگ ن نے مڈٹرم الیکشن کرانے کا مطالبہ کردیا
مسلم لیگ ن نے مڈٹرم الیکشن کرانے کا مطالبہ کردیا

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ ن نے مڈٹرم الیکشن کرانے کا مطالبہ کردیا،احسن اقبال کاکہنا ہے کہ واحد حل حکومت کی تبدیلی اورمڈٹرم الیکشن ہیں ،کوریامیں کورونا کے دوران الیکشن ہو سکتے ہیں تو یہاں بھی ہوسکتے ہیں ۔

مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ نیب قانون اور 18 ویں ترمیم الگ الگ معاملات ہیں ،18 ویں ترمیم سے صوبوں کا اختیارات کا70 سالہ مطالبہ پورا کیاگیا،18 ویں ترمیم کی چھیڑچھاڑ نہیں کرنے دیں گے ۔انہوں نے دعویٰ کیاکہ وزیراعظم نے اپنے بھی 2 ،3 لوگوں کے نام نیب کو گرفتاری کیلئے دیدیئے ۔

احسن اقبال نے کہاکہ ٹڈی دل نے کپاس کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے ،لاکھوں ایکڑ اراضی ٹڈی دل کے ہاتھوں تباہ ہوچکی ہے،ملک کے زرعی شعبے کو حکومتی نااہلی کی آفت کاسامنا ہے،کاشتکار ٹڈی دل کی آفت کاشکار ہیں ،وزیراعظم نتھیاگلی میں سیر کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی معاشی حالت بدترین ہو چکی ہے،حکومت کے مطابق تمام مسائل کاحل نیب کے ذریعے مخالفین کو پکڑنا ہے حکومت سمجھتی ہے وہ اب بھی ڈی چوک پر ہے ،حکومت کاکام صرف اپوزیشن کو پکڑنا ہے یہ نااہل نالائق حکومت ہر روز ملک کیلئے مشکلات پیدا کررہی ہے،انہوں نے کہاکہ کورونانہ آتا تو بھی ملکی معیشت دیوالیہ ہو چکی تھی کاش وزیراعظم ایمرجنسی لگا کر اپنے آفس میں بیٹھتے ۔

انہوں نے کہاکہ مطالبہ کرتا ہوں حکومت کسانوں کے نقصان کا فوری ازالہ کرے،ٹڈی دل کے خلاف فوری قومی ایکشن پلان بناکر قومی اسمبلی کو اعتماد میں لیا جائے۔

مزید :

قومی -علاقائی -پنجاب -لاہور -