پی سی بی نے کھلاڑیوں کیلئے احتیاطی گائیڈ لائنز تیار کر لیں، ٹریننگ کب شروع ہو گی اور کیمپ کیلئے ناموں کا اعلان کب کیا جائے گا؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

پی سی بی نے کھلاڑیوں کیلئے احتیاطی گائیڈ لائنز تیار کر لیں، ٹریننگ کب شروع ہو ...
پی سی بی نے کھلاڑیوں کیلئے احتیاطی گائیڈ لائنز تیار کر لیں، ٹریننگ کب شروع ہو گی اور کیمپ کیلئے ناموں کا اعلان کب کیا جائے گا؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ہدایات کے مطابق کھلاڑیوں کیلئے احتیاطی گائیڈ لائنز تیار کر لی ہیں جن کے تحت کھلاڑیوں کی ٹریننگ کا سلسلہ شروع کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق ٹریننگ کیمپ سے قبل پی سی بی حکومت سے بھی گائیڈ لائنز اور اجازت طلب کرے گا جبکہ پی سی بی کی جانب سے احتیاطی گائیڈ لائنز کھلاڑیوں کو بھجوا دی گئی ہیں۔پی سی بی کی جانب سے جون کے پہلے ہفتہ میں کرکٹ ٹریننگ شروع کرنے کا پلان ترتیب دیا گیا ہے اور کیمپ کیلئے ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان عید کی چھٹیوں کے بعد کیا جائے گا۔ گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل درآمد کے ساتھ ٹریننگ پروگرام شروع کیا جائے گا۔

کھلاڑیوں کے رہنے اور تربیت کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کو کورونا فری بنایا جائے گا جبکہ اکیڈمی میں ذمہ داریاں نبھانے والے سٹاف کے کورونا ٹیسٹ بھی کرائے جائیں گے۔ کیمپ کے آغاز سے قبل تمام کھلاڑیوں کے بھی کورونا ٹیسٹ ہوں گے۔ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کیلئے شیڈول کا اعلان بھی کر چکا ہے۔

25 جولائی کے بعد کھلاری انگلینڈ روانہ ہوں گے اور دورے کے اختتام تک وہیں موجود رہیں گے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ آئندہ تین ماہ تک پاکستان کرکٹ ٹیم کو بائیو سیکیور انتظامات میں رہنا پڑے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے کھلاڑیوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کی صحت اور حفاظت پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جبکہ کھلاریوں کے پاس دورے سے دستبرداری کا آپشن بھی موجود ہو گا۔

مزید :

کھیل -