افغانستان میں قیام امن پاکستان اور یورپی یونین کا مشترکہ مفاد ہے، شاہ محمود قریشی

افغانستان میں قیام امن پاکستان اور یورپی یونین کا مشترکہ مفاد ہے، شاہ محمود ...
افغانستان میں قیام امن پاکستان اور یورپی یونین کا مشترکہ مفاد ہے، شاہ محمود قریشی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان میں قیام امن پاکستان اور یورپی یونین کا مشترکہ مفاد ہے، افغانستان کے اندر اور باہر ایسے عناصرہیں جو امن اور سلامتی کی بحالی نہیں چاہتے،ہمیں خرابی پیدا کرنے والے عناصر سے ہوشیار رہنا چاہیے۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان کاکوئی فوجی حل نہیں ہے اس لئے پاکستان نے ہمیشہ امن عمل کی حمایت کی ہے،ہماری سہولت کاری سے امریکہ طالبان امن معاہدہ ممکن ہوا ،مذاکرات سے سیاسی تصفیہ ہی اس ضمن میں آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے، پاکستان افغان امن عمل میں سہولت کاری کا اپنا کردار جاری رکھے گا۔
وزیر خارجہ نے یورپی یونین سے تعلقات کے حوالے سے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اوریورپی یونین پاکستان کا روایتی دوست اور بڑا معاشی شراکت دار ہے،دو طرفہ روابط کی بنیاد جمہوری اقدار ،ہم آہنگی اور احترام پر استوار ہے ،اسٹریٹجک ا نگیج منٹ پلان سے دو طرفہ تعلقات کو نئی جہت ملی ہے اورمعاہدہ باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کی مضبوط بنیاد بناہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مختلف شعبہ جات میں ہمارے دو طرفہ تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں،یورپی یونین کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے خواہشمند ہیںاورپارلیمانی سطح پر روابط کے فروغ کے متمنی ہیں،جی ایس پی پلس سٹیٹس سے ایکسپورٹ کے حجم میں قابلِ ذکر اضافہ ہوا ۔

مزید :

قومی -