ایشیاء ہاکی کپ، پاکستان جاپان آج اہم میچ میں مدمقابل
جکارتہ(این این آئی)ایشین ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام مینز ہاکی ایشیا کپ ٹورنامنٹ انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں آج چار میچز کھیلے جائیں گے اس سلسلے میں پول اے کا پہلا میچ پاکستان اور جاپان کے درمیان کھیلا جائے گا جو پاکستان کے لئے اہمیت کا حامل ہے، پاکستان کی ٹیم اب تک دو میچز کھیل چکی ہے، پہلے پول میچ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا جبکہ دوسرے میچ میں گرین شرٹس نے میزبان انڈونیشیا کی ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-13گول سے شکست دی تھی۔ پول اے کا دوسرا میچ دفاعی چیمپئن بھارت اور میزبان انڈونیشیا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اسی پول بی کا پہلا میچ اومان اور جنوبی کوریا کے درمیان کھیلا جائے گا اور پول بی کا دوسرا میچ ملائیشیا اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عمر بھٹہ نے کہا کہ ٹیم نے اب تک کھیلے دونوں میچوں میں عمدہ پرفارمنس دکھائی ہے میزبان ٹیم کے خلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا آج جاپان کے لئے بھی کامیابی حاصل کرنے کیلئے تیا ر ہیں۔