وزیر اعظم کا ریڈ زون کا دورہ ، فرائض نبھانے والے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کی

اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اعظم شہباز شریف نے ریڈ زون کا دورہ کیا اور پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران فرائض نبھانے والے افسران و اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کی ۔
وزیر اعظم شہباز شریف ریڈ زون پہنچے اور پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران فرائض انجام دینے والے اہلکاروں سے میگا فون کے ذریعے خطاب کیا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے انتشار پھیلانے کی کوششوں کو روکنا ہے ، آپ نے جس طرح اپنے فرائض انجام دیے قوم آپ سے یہی توقع کرتی تھی ، آپ کے ساتھ بائیس کروڑ عوام کی دعائیں ہیں ، ہم نے انتشار اور تقسیم کو روکنا ہے ، جو تقسیم در تقسیم کی سازش کی گئی اسے روکنا ہے ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ جان و مال کی حفاظت کیلئے آپ جو آئینی و قانونی اختیار استعمال کر رہے ہیں یہی وہ طریقہ ہے جو قائد اعظم نے سکھایا ، ہم قائد کا پاکستان بنائیں گے ،وزیر اعظم نے سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ مل کر پاکستان زندہ باد کےنعرے بھی لگائے۔