سلمان صوفی "پرائم منسٹر سٹریٹجک ریفارمز "کے سربراہ مقرر ،رضاکارانہ طور پر ذمہ داری سرانجام دیں گے
لاہور ( جاوید اقبال سے )وزیر اعظم شہباز شریف نے سلمان صوفی کو پرائم منسٹر سٹریٹجک ریفارمز کا سربراہ مقرر کر دیا۔ سلمان صوفی رضاکارانہ طور پر یہ ذمہ داری سرانجام دیں گے۔سلمان صوفی، مدر ٹریسا اوارڈ یافتہ ماہر پبلک پالیسی ہیں جو سماجی فلاح کے منفرد منصوبوں کو متعارف کروانے میں ممتاز مقام رکھتے ہیں۔ انہوں نے پنجاب ویمن پروٹیکشن ایکٹ، وائلنس اگینسٹ ویمن سنٹر، ویمن آن ویلز اور شہر خموشاں سمیت بہت سے عوام دوست منصوبے متعارف کروائے ہیں۔ وہ شہباز شریف کے پنجاب وزارت اعلی کے دوران ڈی جی سٹریٹجک ریفارم یونٹ تعینات تھے۔
سلمان صوفی کو دنیا میں عورتوں کے حقوق کیلئے کام کرنے والے 5ممتاز افراد میں شامل کیاگیا تھا جس میں موجودہ امریکی صدر جو بائیڈن بھی شامل ہیں اور وائٹل وائسز اوارڈ سے نوازا گیا تھا۔تمام وزارتوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ وزیراعظم کے اصلاحات ایجنڈا کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں۔