تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں میڈیا کے خلاف پرتشدد واقعات، ایمنڈ کی مذمت ، حکومت سے ایکشن کا مطالبہ

تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں میڈیا کے خلاف پرتشدد واقعات، ایمنڈ کی مذمت ، ...
تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں میڈیا کے خلاف پرتشدد واقعات، ایمنڈ کی مذمت ، حکومت سے ایکشن کا مطالبہ

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹر ز(ایمنڈ) نے گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  کے لانگ مارچ کے موقع پرملک کے مختلف شہروں میں صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بنانے،میڈیا کی گاڑیوں اور دفتر پر حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور اس کی سخت مذمت کی ہے۔

ایمنڈ کے مطابق گزشتہ روز پرتشدد واقعات اورتشویشناک حالات کے باوجود صحافیوں نے اپنے فرائض بخوبی سرانجام دیئےاورعوام کو دوطرفہ موقف اور تمام صورتحال سے آگاہ رکھا۔ ان فرائض کی ادائیگی کے دوران کراچی،لاہور،اسلام آباد اور دیگر مقامات پر تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے نہ صرف رپورٹرز،کیمرامینوں اورفوٹو گرافرز پر تشدد کیا گیا بلکہ  ان کے پیشہ وارانہ فرائض میں رکاوٹ بھی ڈالی گئی اور متعدد چینلز کی گاڑیوں اور ڈی ایس این جیز کو بھی توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا گیا۔پی ٹی آئی کارکنوں نے دنیا ٹی وی،ٹوئنٹٰی فورنیوز،سماء نیوزاورآج نیوز سمیت دیگر چینلز کی ڈی ایس این جیز کو شدید نقصان پہنچایا،اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے جیو نیوز کے دفتر پر حملہ کیا۔ کارکنوں کے  پتھراؤ کے نتیجے میں عمارت کے شیشوں اور دیگر املاک کو نقصان پہنچا۔

ایمنڈ نے ان واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے  تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا ہے  کہ وہ اپنے کارکنوں کو  میڈیا ہاؤسز اور ورکرزکو نقصان نہ پہنچانے کی واضح ہدایات جاری کریں۔میڈیا سے متعلق اشتعال انگیز گفتگو سے گریز کریں،  سیاسی معاملات اور مفادات کے لیے میڈیا کو نشانہ نہ بنائیں اور اپنے پروگرامز کی کوریج کے لیے ایسا ماحول فراہم کریں جس میں پیشہ وارانہ فرائض احسن طریقے سے انجام دیے جاسکیں۔ ایمنڈ نے حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ میڈیا ہاؤسز،صحافیوں اور میڈیا کی املاک پر حملہ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائے ۔ ایمنڈ  نے اس عزم کا اظہار کیا کہ  پاکستانی میڈیا نا مساعد اور غیر محفوظ حالات کے باوجود عوام کو درست اطلاعات کی رسائی کے حق کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -