پی ڈی ایم ، پی پی اور پی ٹی آئی کی سیاست امریکی غلامی کے گردگھومتی ہے : سراج الحق
لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کی سیاست امریکی غلامی کے گرد گھومتی ہے، یہ باریوں اور مفادات پر یقین رکھتے ہیں، انہیں اداروں کی سپورٹ نہ ہو تو یہ عوام میں جماعت اسلامی کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ ملک بھر میں یومِ تکریمِ شہداءمنایا گیا، تمام شہدائے وطن کو سلام پیش کرتے ہیں، جس ملک کی خاطر قربانیاں دی گئیں، شہادتیں ہوئی، اسے دنیا میں تماشا بنا دیا گیا، جنوبی ایشیا میں سب سے غریب ملک پاکستان ہے جہاں11 کروڑ افراد غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، لاکھوں نوجوان بے روزگار ہیں، قابل افراد ملک چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں، سوال یہ ہے کہ کیپٹن کرنل شیر دل شہید کے پاکستان کی موجودہ حالت کا ذمہ دار کون ہے؟ ظالم جاگیردار، وڈیرے اور کرپٹ سرمایہ دار نام، چہرے اور پارٹیاں بدل بدل کر75 برسوں سے ملک کے وسائل کو لوٹ رہے ہیں۔ حکمرا ن جماعتیں ناکام ہوگئیں ، ثابت ہوگیا ملک چلانا ان کے بس کی بات نہیں، فوج ایک پارٹی کی نہیں24کروڑ عوام کی ہے لیکن اسٹیبلشمنٹ نے کبھی ایک پارٹی تو کبھی دوسری کا ساتھ دیا، ادارے غیر جانبدار ہو جائیں، عوام کو فیصلے کا اختیار دیا جائے، پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جی نائن اسلام آباد میں استقبالی ریلی کے اختتام پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے پشاور سے اسلام آباد پہنچنے پر کشمیر ہائی وے موٹر وے چوک میں ان کا بلندو بانگ نعروں اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے استقبال کیا۔ وہ استقبالی قافلہ کی صورت میں براستہ جی الیون اور جی10 سے جلسہ گاہ پہنچے۔ نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا، امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم، مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چوہدری اور دیگر قائدین بھی ریلی میں شریک تھے۔ ژوب میں خود کش حملہ کے بعد امیر جماعت کا مختلف شہروں میں استقبال کا سلسلہ جاری ہے۔
سراج الحق