سانحہ 9مئی افسوسناک، کارروائی کا آغاز کر دیا، وزیراعظم، ایسے عناصر کو قوم معاف نہیں کریگی: آرمی چیف
پشاور،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے 9 مئی کے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں، عمران نیازی کے حکم پر جتھوں نے حملے کیے، ا کسانے اور حملہ کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں،کارروائی کا آغاز ہو گیا ہے۔گورنر ہاؤس خیبرپختونخوا میں وزیراعظم کے زیر صدارت سیاسی قائدین کا اجلاس ہوا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا 75 سال میں کسی کو ایسے واقعات کی جرات نہ ہوئی، سیاسی جماعتوں کے ورکرز احتجاج کرتے ہیں لیکن کبھی ایسا نہیں ہوا، کبھی کسی سیاسی جماعت کے ورکرز نے فوجی تنصیبات کی طرف رْخ نہیں کیا تھا، سویلین تنصیبات پر حملے میں ملوث افراد کے کیسز انسداد دہشتگردی کی عدالتوں میں چلیں گے، فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے والوں کو قانون کے مطابق گرفت میں لیا جائیگا، تاریخی ورثوں کوتباہ کیا گیا، 9 مئی کے واقعات کا پاکستانی قوم پر گہرا اثرہوا۔ عمران نیازی نے جن ممالک پر پہلے الزام لگایا اب انہی سے مدد مانگ رہے ہیں، یہ عمران نیازی کا مکروہ چہرہ ہے۔ بعدازاں ریڈیو پاکستان پشاور کے دورے کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، قیامت تک دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، اس مجسمے کو آگ لگا دی گئی اس سے زیادہ کوئی ملک دشمنی نہیں ہوسکتی، پشاور میں ریڈیوپاکستان آرکائیوز کو جلا دیا گیا، دنیا میں قومیں تاریخی ورثے کو جان سے زیادہ عزیز رکھتی ہے، قائد اعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کے خواب کو دوبارہ اجاگر کریں گے۔ دورے کے دوران وفاقی وزیر خزانہ اسحا ق ڈار، وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ، وزیراطلاعات مریم اورنگزیب اور وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے، وزیراعظم کے دورے کے موقع پر ریڈیوپاکستان پشاور میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، تقریب میں وزیراعظم کو ریڈیو پاکستان کی عمارت، ریکارڈ اور نشریات کو پہنچنے وا لے نقصان اور بحالی پر بریفنگ دی گئی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا پاکستان کے معرض وجود سے قبل ریڈیوکا بڑا نام تھا، ریڈیوپاکستان کی تاریخی عمارت میں آکر بہت دکھی ہوں، اسی عمارت سے 14اگست 1947کو آزاد کی صدائیں بلند ہوئی تھیں، ریڈیوپاکستان پشاور نے ہی مملکت خداداد کی آزادی کا اطلاق کیا، 9اور10مئی کے دلخراش واقعات نے پاکستانی عوام کو رنجیدہ کیا، ریڈیوپاکستان کو ڈھیر بنادینا کہاں کی حب الوطنی ہے، میں سمجھتاہوں اس سے بڑھ کر ملک دشمنی نہیں ہوسکتی، اس کے علاوہ یادگار چاغی کو بھی راکھ بنادیا گیا۔ ایسے واقعات کے بعد اندازہ ہونا چاہیے جن شرپسند عناصر نے انتہائی شرمناک کام کیا، ان میں اور دہشتگردوں میں کوئی فرق نہیں، ان میں اور دشمنان پاکستان میں کوئی فرق نہیں،اللہ کو گواہ بناکر ایک عہد کرتے ہیں تمام تر توانائیاں ملک کی ترقی وخوشحالی میں وقف کریں گے، اور ایسے واقعات سے گریز کریں گے، ایسے واقعات سے متعلق ازلی دشمن بھی نہ سوچ سکا، جوانہوں نے دہشتگرد بن کر یہ کام کر ڈالا، قانون اور آئین کے مطابق ملوث عناصر کو سزائیں دی جائیں گی، تاکہ دوبارہ ایسی کوئی جرات نہ کرسکے، وزیراطلاعات مریم اورنگزیب ریڈیو پاکستا ن کے کاموں کی بحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔ تقریب میں اظہارخیال کرتے ہوئے وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا شرپسندوں نے ریڈیو پاکستان کی عمارت پر منصوبہ بندی کے تحت حملہ کیا، شرپسند، ڈنڈے، پٹرول اور مکمل انتظام کرکے آئے تھے، دوبارہ 10مئی کو باقاعدہ انتظامات کیساتھ حملہ کیا،تاریخی آرکائیوز جس کی کوئی قیمت نہیں تھی اسے بھی جلا دیا گیا، عمارت کو بچاتے ہوئے عملے کے متعد د افراد زخمی ہوئے،وزیراعظم شہباز شریف نے ریڈیوپاکستان کے زخمی ہونیوا لے ملازمین سے ملاقات کی، بعدازاں اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہاآج یوم تکریم شہدائے پا کستان پر 9مئی کا انکار کریں، شہدا، غازیوں اور ان کے اہلخانہ اور وطن کے محا فظوں سے یکجہتی کا اظہار کریں، مریم اورنگزیب نے کہا یہ قوم کی اجتماعی سوچ کی تبدیلی کا دن ہے، تکریم شہدا کی روشنی سے 9مئی کی سیاہی مٹا دیں۔بعدازاں اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا آج قوم اپنے ہیروز اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کررہی ہے،میں 9مئی کے المناک واقعات کومحض احتجاج کے طور پر نہیں دیکھتا، 9مئی کی منصوبہ بندی کرنے والے خطرناک تھے۔مذموم کارروائیوں میں شہدا کی یادگاروں کو نشانہ بنا کر بے حرمتی کی گئی،ہماری قوم اپنے شہدا کی عزت کی حفاظت کرنا جانتی ہے۔ آج پوری قوم یوم تکریم شہدا پاکستان انتہائی عقیدت سے منا رہی ہے، آج کا دن شہدا، غازیوں کو خراج عقیدت اور ان کے خاندانوں سے غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار ہے،کچھ لوگوں نے اقتدار کے ہوس میں ان مذموم واقعات کی ترغیب دی جو پہلے کبھی نہیں ہوا، مذموم کارروائیوں میں شہدا کی یادگاروں کو نشانہ بنا کر بے حرمتی کی گئی۔ ریاست کی نشانیوں پر حملہ کر کے شرپسندوں نے پاکستان کے نظریئے اور تشخص پر حملہ کیا ہے، یہ مذموم واقعات ملک دشمن عناصر کو خوشی منانے کی وجہ فراہم کر رہے ہیں، ہماری قوم اپنے شہدا کی عزت کی حفاظت کرنا جانتی ہے۔دوسری طرف پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے یومِ تکریمِ شہدا کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہاکہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔ ہر محب وطن پاکستانی اپنی مٹی کی محبت میں شہید ہونیوالوں سے محبت کو اپنا فرض سمجھتا ہے۔ جو قومیں اپنے شہدا کو بھول جاتی ہیں ان کا تاریخ میں نام لینے والا کوئی نہیں ہوتا، شہدا کے خون کا ہم سب پر قرض ہے۔ آئیں مل کر عہد کریں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی خاطر نفرتوں کی تمام دیواروں کو گرا دیں گے اور وطن کے تمام شہدا کی قربانیوں کو نا صرف یاد رکھا جائے گا بلکہ ان کی حرمت پر کبھی کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ادھر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے یومِ تکریم شہداِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا پاکستانی قوم شہدا کی قربا نیوں کو نہ کبھی بھولی ہے اور نہ بھولے گی، ہر محب وطن پاکستانی اپنی مٹی کی محبت میں شہید ہونیوالوں سے والہانہ محبت کو اپنا فرض سمجھتا ہے۔ حالات چاہے جیسے بھی ہوں وطن کے محافظوں سے محبت پاکستان سے محبت کرنے کے مترادف ہے، جو قومیں اپنے شہدا کو بھول جاتی ہیں اْن کا تاریخ میں کوئی نام لیوا نہیں ہوتا،شہدا کے خون کا ہم سب پر قرض ہے۔ آج کے دن ہم سب کو مل کر اس عہد کی تجدید کرنا ہو گی کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی خاطر نفرتوں کی تمام دیواروں کو ختم کر دیں گے اور وطنِ عزیز کے تمام شہدا کی قربانیوں کو نا صرف یاد رکھا جائیگا بلکہ ان کے تقدس اور حرمت پر کبھی کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔یوم تکریم شہداء کی مناسبت سے وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اپنے پیغام میں کہا پوری قوم کی طرح میں شہداء پاکستان کی بے لوث قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتاہوں۔ اس دن کو منانے کا مقصد شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرنا ہے، ہماری سلامتی اور بقا کی خاطر جان دینے والے شہداء، اْنکے خاندان اور یادگاروں کا احترام ہر پاکستانی پر لازم ہے۔ نو مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن تھا۔شہداء کی فرض شناسی اور عظیم قربانیوں کی وجہ سے ہم ایک آزاد فضا میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔ آیئے اس دن کے موقع پر شہداء کی عزت و تکریم کو ہر صورت برقرار رکھنے کا عزم کریں کیونکہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔ادھرجمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے یوم تکریم شہداء پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ وطن کے تحفظ اور ناموس کی خاطر جان کا نذرا نہ پیش کرنیوالے شہداء کو سلام پیش کرتا ہوں،قوم اپنے ان محسنین کو ہمیشہ یاد رکھے گی،قربانی دینے والے یہ نوجوان قابل فخر ہیں،تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔
وزیراعظم
راولپنڈی،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے پاک فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے ریاست کی علامت اور سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں،جو کچھ 9مئی کو ہوا وہ انتہائی افسوسنا ک اور قابل مذمت ہے،شہداء کی یادگار وں کی بے حرمتی اور وقار کو مجروح کرنیوالوں کو قوم معاف نہیں کریگی۔جمعرات کے روز یوم تکریم شہداء پاکستان کے حوالے سے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اسلام آباد پولیس لائنز کا دورہ کیا، پولیس لائن آمد پر آرمی چیف کا استقبال آئی جی اسلام آباد پو لیس اکبر ناصر خان نے کیا۔اسلام آباد پولیس کے شہداء کے لواحقین سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی جیسے امر کو برداشت نہیں کیا جائیگا،شہداء کو اللہ نے حیات جاوداں عطا فرمادی، ان کی قربانیوں کو کوئی زائل نہیں کر سکتا، قانون نافذ کرنیوالے ادارے ملک کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے، وارثین کو پیغام ہے پاک فوج اور عوام شہداء کے لواحقین کیساتھ ہمیشہ رہیں گے۔بعدازاں یوم تکریم شہدائے پاکستان پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سکول کے بچوں سے غیر رسمی ملاقات کی۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شہداء کے بچوں سے بھی ملاقات کی، جنرل عاصم منیر نے سکولز اور شہداء کے بچوں کے سر پر دست شفقت بھی رکھا۔اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج شہداء کے بچوں کی وارث ہے، شہداء کی لازوال قربانیوں کی بدولت آپ سے ہمارا رشتہ مثالی اور ہمیشہ قائم رہنے والا ہے۔ پاک فوج ہمیشہ آپ کیساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔ شہداکی قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں یوم تکریم شہدا ء انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا، شہر شہر قریہ قریہ تقاریب کا انعقاد کیا گیا،جی ایچ کیو میں یوم تکریم شہدا کی مرکزی تقریب میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ جمعرات کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں یادگارشہدا پرمرکزی تقریب ہوئی جس میں چیف آف آرمی سٹاف تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے،چیف آف نیول سٹاف،چیف آف ایئرسٹاف نے یادگار شہدا پر خراج عقیدت پیش کیا۔ راولپنڈی میں جی ایچ کیو میں یوم تکریم شہدا کی مرکزی تقریب کا آغازکیپٹن بلال صادق نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔تقریب میں آرمی چیف نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی یادگار شہدا پر پھول رکھے فاتحہ خوانی کی۔ اس کے علاوہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ نے یادگارشہدا پر پھول رکھے،اینٹی نارکوٹکس فورس کے سربراہ،آرپی اورا ولپنڈی سیدخرم علی،آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر، کمشنراسلام آبادلیاقت علی چھٹہ اورکمشنرپنڈی نورالامین نے یاد گارشہدا پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی۔ تقریب میں کپتان قومی کر کٹ ٹیم بابراعظم اور محمد رضوان نے بطور مہمان شریک ہوئے اوریاد گار شہدا پر پھول پیش کیے اور فاتحہ خوانی کی۔شہدا کے اہلخانہ اور بچوں نے یادگار شہدا پر پھول رکھے،جبکہ اینکرپی ٹی وی عشرت فاطمہ نے یادگار شہدا پر پھول پیش کیے۔مفتی منیب اورمولاناخبیرآزاد،مولانایاسین ظفراورعارف واحدی نے یاد گار شہدا پر پھول پیش کیے۔ ملک بھرمیں شہدا کے ایصال ثواب کیلئے مساجدمیں قرآن خوا نی اور دعائیں کی گئیں۔ پاکستان ایئرفورس،نیول ہیڈکوارٹرز،فارمیشنزہیڈکوارٹراور پولیس کی یادگارشہدا پرتقریبات منعقد ہو ئیں۔ملک بھرکے سکولوں،کالجزمیں بھی خصوصی تقر یبا ت کاانتظام کیاگیا،طلبا اورطالبات نے بھرپورحصہ لیا۔ صوبائی دارالحکومتوں،آزاد کشمیراور گلگت بلتستان بھی یادگارشہداپربھی تقریبات کا انعقاد کیا۔ملک بھرمیں شہدا کی قبو ر پرفاتحہ خوانی کی گئی،عوام نے بھی بھرپورشرکت کی۔ ملک بھر میں ریلیاں اورتقریبات منعقد کی گئیں جس میں عوام نے بھرپور حصہ لیا، اسلام آباد کی شاہراہ دستور،صوبائی دارالحکومتوں میں شہدا کیساتھ اظہارعقیدت کیلئے واک بھی منعقد کی گی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی،سروسزچیفس نے شہدا ء پاکستا ن کوشاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ ریٹائرڈ فوجی افسران، سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شہدا پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ شہدا کی لازوال قربا نیاں وطن عزیزکی آنیوالی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہے،آج پوری قوم کیلئے ہرشہید کویاد کرنے اور خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔ شہدا پاکستان ہمارے ہیرو اور ملک کاعظیم اثاثہ ہیں۔ قوم شہدا اور ان کے قابل فخر خاندانوں کی مقر و ض رہے گی۔شہدا ہمارا فخرتھے،ہیں اورہمیشہ رہیں گے۔ کسی کوشہدا کی لازوال قربانیوں کو مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ شہداء نے ملک و مادر وطن کی سالمیت، خود مختاری اور عزت کو یقینی بنانے کیلئے فرض کی ادائیگی میں قربانیاں دیں۔ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائیگا،شہدا کی قربانیاں لازوال ہیں، وطن عزیز کی آنیوالی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہیں اور دشمنان پاکستان کے شیطانی پروپیگنڈے سے قطع نظر انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جائیگا۔
آرمی چیف