اوورسیز کو پاسپورٹ فراہمی کیلئے ہوپ نے مربوط نظام بنایا،سعید احمد ملک
لاہور (انٹرویو:میاں اشفاق انجم، تصاویر:ایوب بشیر) اوورسیز پاکستانیوں کو پاسپورٹ کی فراہمی کیلئے ہوپ نے مربوط نظام بنایا ہے۔پنجاب بھر کے حج آرگنائزر کو پہلی دفعہ ملٹی پل ویزے مل رہے ہیں، سرکاری حج سکیم میں سپانسر شپ کی ناکامی کے بعد پرائیویٹ سکیم پر ڈالر سکیم زبردستی مسلط کرنے سے مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ 2022ء کے مقابلے میں حج2023ء ہم نے مہنگا نہیں کیا پاکستانی روپیہ ٹکے ٹوکری ہو رہا ہے۔ڈالر اور ریال کی اڑان نے ملک بھر کی پرائیویٹ کمپنیوں کو مشکل میں ڈال رکھا ہے۔وفاقی وزیر مذہبی امور طلحہ محمود، سیکرٹری اکبر درانی کی ضیوف الرحمن کے لئے خدمات قابل فخر ہیں۔ سپانسر شپ کو فوری ختم کیا جائے، بکنگ کے حوالے سے پنجاب کے حج آرگنائزر ایک دوسرے کا دست بازو بنیں ان خیالات کا اظہار چیئرمین ہوپ پنجاب سابق ڈائریکٹر حج سعید احمد ملک نے روزنامہ پاکستان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا ہوپ مشکل حالات میں پنجاب کے حج آرگنائزر کے ساتھ ہے، ڈالر اور ریال کی بے لگام اڑان کی وجہ سے ریال کی سعودیہ ترسیل میں بے پناہ مشکلات میں پیکیج سے بہت زیادہ ادائیگیاں کرنا پڑ رہی ہیں۔سپانسر شپ سکیم مسلط ہونے کے بعد ہم نے اوورسیز پاکستانیوں کے پاسپورٹ بنانے کے لئے وزارت داخلہ کی معاونت سے ہوپ کا خصوصی ڈیسک قائم کیا ہے بڑا کام ہوا ہے۔ گزشتہ سال والا50 روپے کا ریال80روپے کا ہو گیا ہے، پیکیج74روپے میں بنائے گئے ہیں ادائیگیاں 78روپے میں ہو رہی ہیں۔ سعید احمد ملک نے کہا مشکل حالات میں بھی حج آپریشن مثالی اور کامیاب بنانے کے لئے پورے وسائل بروکار لائیں گے۔