9مئی واقعات کے ذمہ داروں کو کڑی سزا دی جائے،ایس ایم تنویر
لاہور(لیڈی رپورٹر)ایوان صنعت وتجارت لاڑکانہ کی جانب سے صوبائی اور ملکی سطح کے صنعتکاروں اور تاجروں کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب کے دوران منظور کردہ قرارداد میں بزنس کمیونٹی نے 9مئی کو آرمی تنصیبات اور شہدا ء کی یادگاروں کی بے حرمتی کے واقعات کی شدید مذمت کی گئی اور ملوث شرپسندوں کو قرار واقعی سزا کا مطالبہ کیا گیا۔ بزنس کمیونٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی پاک فوج کے ساتھ کھڑی تھی،کھڑی ہے اور پاک آرمی کے ساتھ کھڑی رہے گی۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر نے صنعتکاروں اور تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 9مئی کے شرم ناک واقعات کی جتنی بھی مزمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی معیشت ڈوب رہی ہے۔ سیاسی استحکام کے بغیر معیشت کومضبوط نہیں کیا جاسکتا۔ وقت کا تقاضا ہے کہ قومی معیشت کے فروغ کے لئے سب ملکر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کو مہنگی گیس اور بجلی کے باعث نقصان ہورہا ہے۔ آئند بجٹ میں تاجروں کے مسائل پر بھی غور کرنے کی ضرورت ہے۔ انٹرسٹ ریٹ کم کیا جائے اورتاجروں پر اضافی ٹیکس کا بوجھ نہیں ڈالنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ تاجروں کے سٹیٹ بینک سے متعلقہ مسائل بھی حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ ریجن دھان کی فصل کا حب ہے اور چاول کی برآمد سے قیمتی زرمبادلہ حاصل ہورہا ہے۔