مکافات عمل اسی چیز کا نام جس سے پی ٹی آئی گز رہی ہے:آصف زرداری

 مکافات عمل اسی چیز کا نام جس سے پی ٹی آئی گز رہی ہے:آصف زرداری

  

        کراچی،کوئٹہ(آن لائن) سابق صدر مملکت اورشریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف زرداری نے کہا ہے آج ملک جس نہج پر پہنچ چکا ہے اس کاذمہ دارایک مخصوص ٹولہ ہے جوایک ایسے غیر سنجیدہ اور لااُبالی شخصیت کے حصارسے باہر نہیں آسکا اور اس سیاست سے نابلد شخص نے پورے ملک کو تباہی کے دھانے پر کھڑا کر دیا ہے۔ مکافات عمل اسی چیز کا نام ہے جس سے آج پی ٹی آئی گزر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سابق صدر مملکت آصف زرداری نے ملاقات کرنیوالے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماؤں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھا لا وان نواب ثناء اللہ خان زہری، جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ اور پیپلز پارٹی ضلع حب کے صدر میر علی حسن زہری سے کیا،اس موقع پر ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا جبکہ مرکزی رہنماؤں نے آصف زرداری کو پارٹی کی کارکردگی سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے شر یک چیئرمین کو بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو، آصف زرداری اوردیگر مرکزی و صوبائی رہنماؤں اور کارکنوں کی انتھک محنت سے بلوچستان میں پارٹی دن بدن مقبول ترین پارٹی بنتی جارہی ہے اور عوام پارٹی میں جوق در جوق شامل ہو رہے ہیں جو ملک و صوبہ کیلئے خوش آئند بات ہے۔ سابق صدرمملکت آصف زرداری نے اس موقع پرجیالے کارکنوں سمیت مرکزی و صوبائی رہنماؤں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستا ن پیپلز پارٹی کی پورے ملک میں مقبولیت کا سہرا پارٹی کے جیالوں کے سر جاتا ہے جنہوں نے ہر مشکل وقت میں پارٹی کے منشور اصو لو ں سے انحراف نہ کرتے ہوئے اصولوں کی سیا ست کی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالوں نے کبھی ڈکٹیٹروں کو تسلیم نہیں کیا بلکہ مشکل حالا ت اور سختیوں کا دیدہ دلیری سے مقابلہ کیا اور کبھی اصولوں پر سودہ بازی نہیں کی۔ ملاقا ت میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے مرکزی رہنماؤں نے شریک چیئرمین آصف زرداری کو یقین دلایا کہ آئندہ الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے ورکروں کی محنت اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف زرداری کی ولولہ انگیز قیادت میں پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی اور صوبوں سمیت مرکز میں بھی حکومت ساز ی کریگی اورملک کو جاری بحران سے نکال کر ترقی کی ایک نئی راہ پر گامزن کردیگی۔

آصف زرداری

مزید :

صفحہ اول -