ملیکہ بخاری نے پارٹی چھوڑ دی، جمشید اور مسرت کا بھی اعلان متوقع
اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈیسک) ملیکہ بخاری نے بھی پاکستان تحریک انصاف چھوڑ دی جس کا اعلان انہوں نے پریس کانفرنس میں کیا۔اپنی پریس کانفرنس میں ملیکہ بخاری نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتی ہوں، ہر پاکستانی کیلئے 9 مئی کے واقعات تکلیف دہ ہیں۔ملیکہ بخاری نے پارٹی عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چاہتی ہوں بحثیت وکیل پاکستان میں اہم کردار ادا کروں، چاہتی ہوں کہ اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزاروں۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات ہوں گی تو چیزیں سامنے آئیں گی، 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دینی چاہیے, جیل کی مشکلات کا سامنا مشکل ہے, دلیری کیساتھ ان مشکلات کا سامنا کیا، مئی کی گرمی میں اڈیالہ جیل میں ایک دن گزاریں تو مشکلات کا اندازہ ہو، اگر سرخ لکیر کو کراس کیا جاتا ہے تو قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے.علاوہ ازیں مسرت جمشید چیمہ اور ان کے شوہر جمشید چیمہ کی جانب سے بھی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چھوڑنے کا اعلان متوقع ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنما جلد پریس کانفرنس کریں گے۔جمشید چیمہ اور مسرت جمشید چیمہ کو اڈیالہ جیل سے رہا کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے جمشید چیمہ اور مسرت جمشید چیمہ کے نظر بندی کے آرڈر منسوخ کیے جس کے بعد ان کی رہائی عمل میں آئی۔قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی خواجہ قطب فرید کوریجہ نے پی ٹی آئی کو خیر باد کہہ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ قطب کوریجہ نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، کرنل شیر خان کے مجسمے کی بے حرمتی ہر پاکستانی کیلئے ناقابل برداشت ہے۔تحریک انصاف کے رہنما اور ٹکٹ ہولڈر چودھری جہانزیب رشید نے بھی پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کرکے سیاست کو خیرباد کہہ دیا۔
ملیکہ بخاری