دنیا میں سب سے بڑی لاٹری جیتنے والے شخص پر سنگین الزام لگ گیا

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا کے امیر ترین لاٹری جیتنے والے شخص پر لاٹری ٹکٹ چوری کرنے کا الزام عائد کر دیا گیا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق 30سالہ ایڈوین کاسترو کی زندگی گزشتہ سال نومبرمیں اس وقت اچانک بدل گئی جب وہ 2.04ارب ڈالر کی لاٹری جیت گیا۔یہ امریکہ ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں سب سے بڑی لاٹری تھی جو ایڈوین جیتا۔
کیلیفورنیا پاور بال نامی لاٹری سے ٹیکسز ادا کرنے کے بعد ایڈوین کو 99کروڑ 76لاکھ ڈالر کی رقم دی گئی، اتنی زیادہ رقم ٹیکسز میں کٹ جانے کے باوجود ایڈوین کو اتنی رقم مل گئی کہ وہ ڈالی ووڈ اداکار ٹام کروز اور میڈونا سے زیادہ امیر بن گیا۔ اب ایک جوز ریویرا نامی شخص کی طرف سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ یہ لاٹری ٹکٹ دراصل اس کی ملکیت تھا جو چوری ہو گیا تھا۔
جوز ریویرا نے کہا ہے کہ اس کا لاٹری ٹکٹ ریگی نامی شخص نے چوری کیا تھا جو نجانے کیسے کاسترو تک پہنچ گیا۔ جوز نے ریگی اور کاسترو دونوں کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے۔ کیلیفورنیا لاٹری کی طرف سے بھی اس حوالے سے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ جوز ریویرا اپنے وکیل کے ہمراہ کیلیفورنیا لاٹری کے آفس آیا اور خوب شور مچایا لیکن کیلیفورنیا لاٹری اس حوالے سے کچھ نہیں کر سکتی۔
کیلیفورنیا لاٹری کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ان کا جیت کے لیے ٹکٹ منتخب کرنے کا ایک اپنا طریقہ کار ہے اور اس کے مطابق کاسترو ہی جیتنے والا شخص ہے۔ اگرجوز ریویرو ٹکٹ کی ملکیت کا دعویٰ کرتا ہے تو اسے اس کے لیے عدالت سے رجوع کرنا ہو گا۔