مدد کیلئے 911 پر کال کرنے والے لڑکے کو پولیس افسر نے گولی مار دی

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکہ کی ریاست مسیسیپی میں ایک 11 سالہ لڑکے کو پولیس اہلکاروں نے اس کے گھر میں اس وقت گولی مار دی جب اس نے مدد کے لیے 911 ہنگامی ٹیلی فون نمبر پر کال کی تھی۔ متاثرہ لڑکے کی شناخت ایڈریئن مری کے نام سے ہوئی ہے، اور اس کا خاندان فائرنگ کرنے والے افسر کو برطرف کرنے کا مطالبہ کر رہا ہے۔
لڑکے کی والدہ نکالا مری نے سی این این کو بتایا 'ایڈرین کو انڈینولا پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ایک افسر نے سینے میں اس وقت گولی مار دی جب وہ گھریلو پریشانی کی کال کا جواب دے رہا تھا۔' صورت حال کی وضاحت کرتے ہوئے مسز مری نے کہا کہ ان کے ایک اور بچے کا 'ناراض' باپ صبح 4 بجے ان کے گھر پہنچا۔ اپنی حفاظت کے بارے میں فکر مند مری نے ایڈرین سے پولیس کو کال کرنے کو کہا۔
اس نے مزید کہا کہ پولیس اہلکار سامنے کے دروازے پر 'اپنی بندوق ' کے ساتھ نمودار ہوا اور 'گھر کے اندر موجود لوگوں سے باہر آنے کو کہا۔' اس نے دعویٰ کیا کہ جب اس کا بیٹا دالان کے ایک کونے سے نکل کر مرکزی علاقے میں داخل ہوا تو اسے گولی مار دی گئی۔ باڈی کیمرے کی فوٹیج کو ابھی تک عام نہیں کیا گیا ہے، اور اٹارنی نے دعویٰ کیا کہ 'جاری تحقیقات' کی وجہ سے باڈی کیمرہ فوٹیج کے لیے ان کی درخواست مسترد کر دی گئی۔