نندی پور پاور پلانٹ کا پہلا یونٹ مئی تک پیداوار شروع کر دیگا
اسلام آباد (این این آئی)نندی پور پاور پراجیکٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد محمود نے کہا ہے کہ نندی پور پاور پلانٹ کا پہلا یونٹ مئی 2014ءتک پیداوار شروع کر دے گا ایک انٹرویو میں انہوںنے کہاکہ منصوبہ پر تعمیراتی کام شروع کیا جاچکا ہے جس پر 56ارب روپے لاگت آئے گی۔انہوں نے کہا کہ اگر پلانٹ کو فرنس آئل سے چلایا جائے تو اس سے 425میگا واٹ جبکہ گیس پر چلانے سے 525میگا واٹ بجلی کی پیداوار حاصل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 2007ءدسمبر میں منصوبہ کی منظوری دی تھی جس کو 2011ءمیں مکمل ہونا تھا۔منصوبہ تاخیر کا شکار تھا جو اب دسمبر 2014ءمیں مکمل ہو گا۔ ایم ڈی نے بتایا کہ مشینری منصوبہ کی جگہ پر پہنچا دی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ درآمد کی جانے والی مشینری اور آلات کو بندرگاہ سے بروقت نہ اٹھانے کی وجہ سے 1ارب روپے اضافی ادا کئے گئے ہیں۔