ناموس رسالت ﷺ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا ، دھرنے پر حکومتی تشدد سے پورے ملک میں انتشار پھیل گیا ،راجہ ظٖر الحق رپورٹ فوری منظر عام پر لائی جائے:سینیٹر سراج الحق

ناموس رسالت ﷺ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا ، دھرنے پر حکومتی تشدد سے پورے ملک ...

ڈیرہ اسماعیل خان(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اسلام آباد محاصرے میں ہے، دھرنے کے شرکاءپر تشدد بند اور گرفتار افراد کو فوری رہا کیا جائے، حکومت راجہ ظفر الحق کمیٹی کی رپورٹ منظر عام پر لائے اور ذمہ دار افراد کو سخت سزا دے،اسلام آباد میں دھرنے کے شرکاءپر حکومت کے تشدد سے پورے ملک میں انتشار پھیل گیا ہے، یہ حکومت کی بڑی ناکامی ہے، حکومت راجہ ظفر الحق کی سربراہی میں بنائی گئی اپنی ہی کمیٹی کی رپورٹ شائع نہیں کررہی کیونکہ اس میں بڑوں کے نام آتے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ اس رپورٹ کو فوری طور پر منظر عام پر لایا جائے، وزیر قانون یا کوئی بھی دوسرا شخص اس میں ملوث ہو تو اس کو عبرتناک سزا دی جائے۔ نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ کا مطالبہ صرف مذہبی جماعتوں کا نہیں پوری قوم کا ہے، گرامٹ (ڈیرہ اسماعیل خان) کا واقعہ حکمرانوں کے چہروں پر بدنما داغ ہے ، یہ کوئی ایک واقعہ نہیں ، ملک میں ایسے واقعات آئے روز رونما ہوتے ہیں، کرپشن کے خلاف مہم انجام تک پہنچائیں گے، سپریم کورٹ میں درخواست دی ہے کہ پانامہ لیکس کے باقی 436افراد کا بھی احتساب کیا جائے، ملک میں تمام افراد کرپٹ نہیں، صرف پانچ چھ ہزار لوگوں کو گرفتار کرکے اڈیالہ جیل میں ڈال دیا جائے تو کرپشن ختم ہوجائے گی، ہم ملک سے سود کے نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں، عوام پر سے ٹیکسوں کا بوجھ ختم کرکے زکوٰة کا نظام رائج کریں گے، ملک میں کوئی بھوکا ، پیاسااور محروم نہیں رہے گا، سرمایہ داروں کا کوئی ملک اور قومیت نہیں ہوتی، اپنے مفاد کیلئے یہ بھارت ،امریکہ اور روس کی غلامی اختیار کرلیتے ہیں، ہمارے حکمران اور ان کے بچے حکومت پاکستان میں اور دولت دوسرے ملکوں میں جمع کرتے ہیں، آئندہ انتخابات غلامان مصطفی اور غلامان امریکہ کے درمیان ہوں گے، ہم کسی کرپٹ آدمی کو پارٹی ٹکٹ نہیں دیں گے، کرپٹ لوگ اگر خانہ کعبہ کے غلاف میں چھپ جائیں تو وہاں سے بھی پکڑ کر احتساب کریں گے۔ ناموس رسالت ﷺ اور ختم نبوت ﷺ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، اگر حکومت نے ہوش سے کام نہ لیا تو یہ رسی وزیر اعظم کے گلے تک پہنچ جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:موجودہ صورتحال میں وزیر اعظم ،وزیر داخلہ اور وزیر قانون استعفیٰ دے دیں :عمران خان کا مطالبہ

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درابن کلاںکے جوڈیشل کمپلیکس میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ سے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر مشتاق احمد خان، مفتی امتیاز، ضلعی امیر زاہد محب اللہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں خلافت کا نظام قائم کرنا چاہتی ، ہم اپنی یا اپنی اولاد کے لئے نہیں، اللہ کے نظام کے غلبہ کیلئے حکومت چاہتے ہیں ۔ ہم چاہتے ہیں کہ عدالتوں میں اسلام کے قانون کے مطابق فیصلے ہوں تاکہ کوئی انصاف سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ گرامٹ کا واقعہ عدل و انصاف اور قانون کی بالا دستی کے نہ ہونے کی وجہ سے پیش آیا ۔ملک میں قانون مظلوم اور غریب کو تحفظ فراہم نہیں کرتا، قانون ظالم اور دولت مند کا ساتھ دیتا ہے، غریب کے لئے الگ اور امیر کے لئے الگ قانون ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہر مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے ،شریفاں بی بی کو انصاف دلا کر رہیں گے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ میں ملک پر مسلط ظلم و جبر کے موجود ہ نظام سے بغاوت کا اعلان کرتا ہوں،جب تک یہ نظام مسلط ہے عام آدمی ظلم کی چکی میں پستا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ حکمران یہاں سے پیسہ لوٹ کر دوسرے ممالک میں اپنی تجوریاں بھر رہے ہیں، جدھر دیکھو چور اور ڈاکو بیٹھے ہیں جو پارٹیاں اورجھنڈے بدل کر عوام کو دھوکہ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اللہ نے ہمیں اقتدار دیا تو عوام کو مفت تعلیم علاج اور چھت مہیا کریں گے، بزرگ شہریوں اور نوجوانوں کو الاؤ نس دیں گے، عوام ان چوروں اور ڈاکوؤں کو مسترد کردیں اور اسلامی نظام کے لئے ہمارا ساتھ دیں۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق نے گرامٹ کا دورہ کیا اور مظلوم خاندان کو جماعت اسلامی کی طرف سے ہر طرح کے تعاون اور مدد کی یقین دہانی کرواتے ہوئے جماعت کے مقامی و صوبائی ذمہ داران کو مظلوم خاندان کی ہر طرح کی قانونی امداد اور تحفظ فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

مزید : قومی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...