انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان آخری ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل
کولمبو (اے پی پی) انگلینڈ اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں 230 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اس نے میزبان ٹیم کو کامیابی کیلئے مجموعی طور پر 327 رنز کا ہدف دیا، جوز بٹلر 64 رنز بنا کر نمایاں رہے، دلروون پریرا نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جواب میں سری لنکن ٹیم دوسری اننگز میں مشکلات سے دوچار ہے اور اس نے تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک 4 وکٹوں پر 53 رنز بنا لئے تھے، معین علی نے دونوں اوپنرز کو آؤٹ کر کے حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کی کمر توڑ دی، میزبان ٹیم کو کامیابی کیلئے 274 رنز اور مہمان ٹیم کو 6 وکٹیں درکار ہیں۔ اتوار کو کولمبو میں جاری تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز انگلش ٹیم نے 3 رنز بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم 230 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی اور اس نے آئی لینڈرز کو جیت کیلئے مجموعی طور پر 327 رنز کا ہدف دیا، جوز بٹلر کے سوا انگلینڈ کا کوئی بھی بلے باز خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، بٹلر 64 رنز بنا کر نمایاں رہے، روری برنز 7، کیٹن جیننگز 1، جونی بیئرسٹو 15، کپتان جوروٹ 7، بین سٹوکس 42، معین علی 22، عادل رشید 24، سٹورٹ براڈ 1 اور جیک لیچ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، بین فوکس 36 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ دلروون پریرا نے 5، پشپاکمارا نے 3 اور سنداکن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں سری لنکن ٹیم ہدف کے تعاقب میں دوسری اننگز کیلئے جب میدان میں اتری تو اس کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور 53 کے سکور پر اس کے 4 مستند کھلاڑی آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، گونا تھلیکا 6، کرونارتنے 23 دھنن جایا ڈی سلوا صفر اور اینجلو میتھیوز 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سری لنکا کو فتح کیلئے مزید 274 رنز اور انگلینڈ کو 6 وکٹوں کی ضرورت ہے، کوسل مینڈس 15 اور سنداکن ایک رن بنا کر وکٹ پر موجود ہیں، معین علی نے 2، لیچ اور سٹوکس نے ایک، ایک وکٹ لی۔