حکومتی دعوی کھوکھلے ہیں ،چیف جسٹس اور وزیر اعظم بیرون ممالک میں پاکستان کا منفی تاثر نہ دیں :شیخ روحیل اصغر

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور ممبر قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغرنے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے دعوے حقیقت پسندانہ نہیں تھے، ایسے کھوکھلے دعوؤں سے ثابت ہوتا ہے کہ حکومت میں آنے سے پہلے ان لوگوں نے کوئی ہوم ورک نہیں کیا کہ اصل میں کس سمت میں انہوں نے پالیسیاں مرتب کرنی ہیں؟۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ روحیل اصغر کا چیف جسٹس آف پاکستان اور وزیراعظم کی بیرون ملک تقاریر پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو اس ملک میں جو کرنے کا اختیار ہے وہ بے شک کریں مگر ان سے گزارش ہے کہ وہ بیرون ممالک جا کر یہ نہ کہیں کہ پاکستان میں ان کے علاوہ کوئی اور اچھا آدمی ہے ہی نہیں، یہ پاکستان کا منفی تاثر دے رہا ہے۔شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ صوبہ بنانا کوئی آسان بات نہیں اس کے لیے سب سے ضروری یہ دیکھنا ہے کہ اس کی معیشت کن اصولوں اور کن وسائل کی بنیاد پر چلائی جائے گی۔