سوئی ناردرن کمپنی کی گیس بچت اور چوری روکنے کے حوالے سے آگہی واک
لاہور(پ ر)سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی جانب سے موسم سرما کے دوران گیس کی بچت اور گیس چوری روکنے کے حوالے سے آگہی واک منعقد کی گئی۔ آگہی واک کا انعقاد ایف سی کالج یونیورسٹی کے مشترکہ تعاون سے ہوا۔ آگہی واک میں سوئی ناردرن گیس کے مینجنگ ڈائریکٹر امجد لطیف اور FC کالج یونیورسٹی اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے احباب اور طالب علموں نے حصہ لیا۔ واک کا آغاز حسین چوک سے ہو کر اختتام لبرٹی چوک پر ہوا۔ آگہی واک میں شامل شرکا نے گیس کی بچت، گیس کے محفوظ استعمال سمیت گیس چوری کی روک تھام کے حوالے سے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر مینجنگ ڈائریکٹر سوئی ناردرن گیس امجد لطیف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنے صارفین تک گیس پہنچایا سوئی ناردرن کی اولین ذمہ داری ہے اور صارفین کی جانب سے گیس کے ذمہ دارانہ استعمال سے قدرت کی اس نعمت کی رسائی سب لوگوں تک ممکن ہے۔ اس سلسلے میں اس آگہی واک کا اہتمام کیا گیا ہے تاکہ عوام میں گیس کے بچاو اور گیس چوری کی روک تھام کے حوالے سے شعور پیدا کیا جا سکے۔