کھیل اور کھلاڑیوں کیلئے انقلابی اقدامات اٹھا رہے ہیں،بشیر خان

کھیل اور کھلاڑیوں کیلئے انقلابی اقدامات اٹھا رہے ہیں،بشیر خان

  



جندول (نمائندہ پاکستان)سب ڈویژن جندول تحریک انصاف کے ضلعی صدر ایم این اے محمد بشیر خان نے کہا ہے کہ ہمارے حکومت سے مخصوص لوگ نہیں بلکہ عوام الناس مستفید ہونگے ، انہوں نے کہا کہ کھیل اور کھلاڑیوں کیلئے انقلابی اقدامات اٹھا رہے ہیں ۔گذشتہ روز سینٹی نیئل ماڈل ہائی سکول تیمرگرہ میں سالانہ سپورٹس فسٹیول کے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے تعمیراتی کاموں میں کرپشن ، اقرباء پروری ختم کر دی ہے انہوں نے کہا کہ تمام تعیناتیاں اورملازمتیں خالص میرٹ کی بنیاد پر کرینگے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کے ہر تحصیل میں سپورٹس سٹیڈئم ،ہر یونین کونسل میں کھیل کا میدان تعمیر کرینگے اور ضلعی سپورٹس کمپلیکس کیلئے موزون جگہ کی تلاش جاری ہے جگہ ملنے کے فوری بعد اس پر تعمیراتی کام کا آغاز کیا جائے گا۔اس موقع پر نو تعینات ڈائریکٹر الیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن حافظ ڈاکٹر محمد ابراھیم نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کھیل کو نصاب کا حصہ بنا دیا ہے اور اس سلسلہ میں بھرپور کام کیا جا رہا ہے انہوں نے تحریک انصاف کے میرٹ دوست پالیسی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت نے خالص میرٹ کے بنیادی پر ان کی تعیناتی عمل میں لائی ہے جس سے انصاف کا بول بالا ہوا۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں صوبہ بھر میں ضلع دیر پہلے نمبر پر ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ رینکنگ آئندہ بھی جاری رہیگا ۔اس موقع پر ممبران صوبائی اسمبلی شفیع اللہ خان ، ہمایون خان ، ملک لیاقت علی خان ،سکول پرنسپل ہمایون خان ،سابق وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ و دیگر مشران نے بھی خطاب کیا ۔ممبران صوبائی اسمبلی نے کہا کہ فنڈ کے مناسبت سے ضلع بھر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جائے گا انہوں نے کہا کہ جتنا بھی فنڈ ملے گا اسے قوم کی امانت سمجھ کر دیانتداری سے خرچ کرینگے اور اسے جاگیر سمجھ کر تباہ ہونے نہیں دینگے ۔انہوں نے کہا کہ ہم ہر وقت عوام کو جواب دہ اور کسی بھی قسم کے احتساب کیلئے تیار ہیں ۔تقریب کے دوران طلبہ نے نعت نظمیں تقاریر پی ٹی شو، کراٹے اور دیگر کرتب بھی دکھائیں جس سے تماشائی کافی محفوظ ہوئے ۔تقریب کے آخر میں مشران نے کارکردگی بی بنیاد پر کھلاڑیوں میں نقدی و انعامات بھی تقسیم کئے ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...