رائلٹی فنڈز کے استعمال اور طریقہ کار پرحکومت اور عوامی نمائندے متفق
پشاور( سٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے توانائی حمایت اﷲ خان نے کہا ہے کہ کوہاٹ ڈویژن کو ملنے والی رائلٹی فنڈ ز کے استعمال کے طریقہ کار پالیسی پر حکومت اور کوہاٹ ڈویژن کے تینوں اضلاع کے منتخب نمائندے تقریباً متفق ہو گئے ہیں اور مذکورہ پالیسی کا اعلان بہت جلد کیا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پشاور میں کوہاٹ ڈویژن کو رائلٹی کے مد میں ملنے والی فنڈز کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں کوہاٹ سے اراکین صوبائی اسمبلی امجد آفریدی ، ظفر اعظم ، میاں نثار ، شاہ فیصل ،ظہور شاکر ، ایم پی اے شکر درہ کے بھائی ، تحصیل ناظم لاچی ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہزاد بنگش ، فنانس سیکرٹری شکیل قادر ، سیکرٹری توانائی سلیم خان اور دیگر ممبران نے شرکت کی ۔حمایت اﷲ خان نے کہا کہ کوہاٹ ڈویژن کو ملنے والی رائلٹی فنڈز کے اضافے پر غور کیا جائے گا تاکہ صوبے اور کوہاٹ ڈویژن کے مسائل جلد از جلد حل ہو سکیں ۔ ا نہو ں نے کہا کہ رائلٹی کے مد میں ملنے والی فنڈکے استعمال کے پالیسی میں بڑا حصہ کوہاٹ ڈویژن کو گھر گھر گیس فراہمی کے لئے رکھا جائے گا ۔ مشیر توانائی نے کہا کہ حکومت کو مقامی لوگوں کی تمام بنیادی ضروریات کا علم ہے اور ان کی فراہمی کے لئے اقدامات کر رہی ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ رائلٹی کے فنڈز ان سیکٹرز میں استعمال کئے جائیں جن کا لوگوں کو فوری ضرورت ہے ۔ حمایت اﷲ خان نے کہا کہ رائلٹی کے مد میں ملنے والی فنڈ سے میگا پراجیکٹ ، گیس سپلائی ، صاف پانی کی فراہمی ، سڑکوں کی تعمیر و مرمت ، بجلی فراہمی ، صحت اور تعلیم کے مسائل پر قابو پانے میں استعمال کیا جائے گا ۔ حمایت اﷲ خان نے کہا کہ ہمارا صوبہ ساٹھ فیصد تیل اور تقریباً 25فی صد گیس پورے ملک کو فراہم کرتی ہے مگر افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی ، پی پی ایل ، ایس این جی پی ایل میں صوبے کا کوئی نمائندہ نہیں ہے ۔ رکن صوبائی اسمبلی ظفر اعظم نے کہا کہ ہمارے علاقے پر گیس ، تیل اور یورینیم کے بے پناہ برے اثرات پڑے ہیں جس کی وجہ سے مختلف بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں ۔ رکن صوبائی اسمبلی میاں نثار نے ان کا ساتھ دیتے ہوئے کہا کہ علاقے میں مختلف کیمیکلز کی بھر مار ہے جو عوام کے لئے کافی نقصان دہ ہیں ۔ پچھلے دنوں بیس سے زائد جانور زہریلے پانی پینے سے مر گئے ہیں جو ان زیریلے مادوں کا ثبوت ہے ۔ اس پر مشیر توانائی نے کہا کہ کوہاٹ ڈویژن کے لئے ایک ماحولیاتی انکوائری ٹیم بنایا جائے گا جو ماحولیاتی آلودگی کا جائزہ لے کر ایک جامع رپورٹ اس حوالے سے حکومت کو پیش کرے گا ۔ ضلع کوہاٹ کے ایم ایز نے کہا کہ رائلٹی کے مد میں ملنے والی فنڈز بہت کم ہے اس لئے صوبائی حکومت رائلٹی فنڈز کے اضافے کے لئے اقدامات کرے ۔ سیکرٹری توانائی نے کہا کہ اس حوالے سے ہمارے بہت سارے ایشوز وفاق کے سات لنک ہیں ہم سارے ایشوز وفاق تک پہنچائیں گے اور اس سے صوبے کے لئے جائز حق کا مطالبہ کریں گے ۔مشیر برائے وزیر اعلیٰ توانائی نے منتخب نمائندوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم رائلٹی فنڈز کے استعمال کے طریقہ کے لئے جو پالیسی وضع کریں اس کے مطابق حکومت کی کوشش ہو گی کہ مقامی اور بنیادی ضرورت حل ہوں ۔