افغانستان ، اپریل میں ہونیوالے صدارتی انتخابات ملتوی ،حکام ترجمان داعش سمیت 12شدت پسند مارنے کا دعویٰ

افغانستان ، اپریل میں ہونیوالے صدارتی انتخابات ملتوی ،حکام ترجمان داعش سمیت ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کوہاٹ؍کابل(این این آئی) افغانستان میں اگلے سال ہونے والے صدارتی انتخابات ملتوی کردیئے گئے۔صدارتی انتخابات اگلے سال 20 اپریل کو منعقد ہوناتھے تاہم افغان میڈیا نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ افغان صدارتی انتخابات تین مہینوں کے لئے ملتوی کردیئے گئے ۔ افغانستان کے خودمختار الیکشن کمیشن نے صدراتی انتخابات کے لئے 20 ؍اپریل 2019 کی تاریخ مقرر کرلی تھی جس کا باقاعدہ اعلان بھی کیا گیا تھا ۔ واضح رہے کہ افغانستان میں 15 ؍اپریل 2014 کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے نتیجے میں دو اْمیدوار موجودہ افغان صدر محمداشرف غنی اور چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ کامیاب ہوئے تھے۔ پانچ سال بعدصدارتی انتخابات آئندہ سال 20 ؍اپریل کو منعقد ہونا قرارپائے تھے لیکن بعض سیاسی حلقوں کی جانب سے مسلسل صدارتی انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا جارہاتھا۔افغان ٹی وی نے بریکنگ نیوز کے طورپر یہ خبر دی ہے کہ اگلے سال 20 اپریل کو ہونے والے افغان صدارتی انتخابات تین ماہ کے لئے ملتوی کردیئے گئے ہیں ۔ایک اور اطلاع کے مطابق افغان صدارتی انتخابات تین ماہ کے لئے ملتوی ہوکر اگلے سال 13 ؍جولائی کو کرانے کا شیڈول تیارکیا گیا ہے۔ ادھر افغان الیکشن کمیشن کے ترجمان عبدالعزیزابراہیمی نے افغان صدارتی انتخابات تین ماہ کے لئے ملتوی کرنے کا عندیہ دیا ہے تاہم کہا ہے کہ ابھی اس ضمن میں فیصلہ نہیں ہوا ہے۔
صدارتی انتخابات

کوہاٹ؍کابل(این این آئی) افغان حکام نے جھڑپوں کے الگ واقعات میں داعش کے ایک ترجمان اور 11طالبان سمیت 12 شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔جاں بحق ہونے والوں میں دوا ہم کمانڈر بھی شامل بتائے جاتے ہیں۔ افغان ذرائع ابلاغ کے مطابق صوبہ ننگرہار کے ضلع ہسکہ مینہ میں افغان سپیشل فورسز نے ایک کاروائی کے دوران داعش کے ترجمان ملا شرافت شفیق کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ادھر شمالی صوبہ فریاب کے ضلع پشتون کوٹ کے علاقے سرحوض میں طالبان اور افغان فورسز کے مابین جھڑپ ہوئی جسمیں افغان آرمی کی شاہین کورکے بیان کے مطابق 4 طالبان ہلاک اور 7 دیگر زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں دو اہم کمانڈر قاری نبی مکرم اور ملانذیر بھی شامل ہیں۔دریں اثناء صوبہ لوگرکے صدر مقام پل عالم شہر کے نواحی علاقے میں گزشتہ شب افغان فورسز اور انٹیلی جنس اداروں کی مشترکہ کاروائی میں 7 طالبان ہلاک ہوگئے۔ پولیس ترجمان شاہ پوراحمدزئی کے مطابق افغان فورسز نے 9مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لے لیا ۔

مزید :

علاقائی -