حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی ،8فوڈ پوائنٹ سر بمہر

حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی ،8فوڈ پوائنٹ سر بمہر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل پنجاب فو ڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کی خصوصی ہدایت پرفوڈ سیفٹی ٹیموں نے شہر بھر میں متعدد فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کرتے ہوئے لاہور کی پہچان لاہوری کھابوں کو آلودہ کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ۔ناقص اجزاء کے استعمال ،ممنوعہ اشیاء کی فروخت اور صفائی کے غیر معیاری انتظامات پر8فوڈ پوائنٹس کوسر بمہر کر دیا گیا۔ بھاری مقدار میں مضر صحت خوراک اور برآمد کی گئی دیگر اشیاء تلف کر دی گئیں۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے شہر بھر میں چیکنگ کے دوران مچھلی کی تیاری میں ناقص اورغیر معیاری آئل کے استعمال اور صفائی کے نامناسب انتظامات پر صدیق مچھلی فروش سکیم موڑ برانچ کوسربمہر کر دیا ۔اسی طرح ٹاؤن شپ میں کارروائی کر تے ہو ئے سابقہ دی گئی ہدایات پر عمل نہ کرنے ، زائد المیعاد اشیاء کے استعمال،گندے، بد بودار ماحول اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر الفضل ریسٹورنٹ کو سیل کیا۔ہربنس پورہ میں چیکنگ کے دوران زائد المیعاد اشیاء کی موجودگی اور ناقص سٹوریج اور صفائی کے غیر معیاری انتظامات کی بناء پر راحت بیکری کو سربمہر کیا گیا۔مزید برآں ٹولنٹن مارکیٹ میں بیمار،لاغر مرغیوں کا ناقص گوشت سپلائی کرنے والے 3چکن سیل پوائنٹس،شاپ 64، بلال اینڈ سنز چکن اور چوہدری پولٹری ٹریڈرز کو سیل کیا گیا۔ مختلف علاقوں میں ممنوعہ گٹکا فروخت کرنیوالوں کے خلاف کارروائی کر تے ہو ئے2 پان شاپس کو بھی سر بمہر کر دیا گیا۔ کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا تھا کہ شہر بھر میں کی گئی کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں زائد المیعاد کارن آئل، جوسز، کولا، انرجی ڈرنکس اور ممنوعہ گٹکاموقع پر تلف کر دیے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا مزیدکہنا تھا کہ کھابے لاہور کی پہچان ہیں ہم اس پہچان کو آلودہ نہیں ہونے دیں گے۔ریسٹورنٹ انڈسٹری میں نمایاں اور واضح تبدیلی کا آنا خوش آئند امر ہے۔

مزید :

علاقائی -