علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور ایرانی یونیورسٹی میں مفاہمت کی یاداشت پر دستخط

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور ایرانی یونیورسٹی میں مفاہمت کی یاداشت پر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (این این آئی)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور ایران کی پیام نور اوپن یونیورسٹی نے تعلیم و تحقیق، ٹیکنالوجی کے امور میں تعاون بڑھانے کے لئے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کیے ہیں۔ معاہدے کے مطابق دونوں جامعات فارسی زبان و ادب کے فروغ اور کتابوں کی اشاعت میں مل کر کام کریں گی۔ مشرکہ تعلیمی پروگرامز پیش کیے جائیں گے اور طلبہ کو ایران اور پاکستان میں سکالرشپس فراہم کیے جائیں گے۔ معاہدے کے مطابق طلبہ اور فیکلٹی ممبرز کا باہمی تبادلہ بھی ہوگا۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے چارج سنبھالنے کے بعد مفاہمت کی یاداشت کی اس پروقار تقریب کی صدارت کرتے ہوئے یونیورسٹی کی جانب سے معاہدے پر دستخط کیے جبکہ دوسری جانب سے پیام نور یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر محمد رضا زمانی نے معاہدے کی دستاویزات پر دستخط کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی رینکنگ اور تعلیم کے معیار کے لیے مقررہ ہدف کے حصول میں نتیجہ خیز معاہدوں پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور ایران کی اوپن یونیورسٹیز کے درمیان یہ معاہدہ دونوں جامعات کے طلبہ اور فیکلٹی ممبرز کے لیے مفیدثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے نتیجے میں دونوں جامعات کی پروفیشنل رینکنگ اور تعلیمی معیار پر یقینناً مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ مفاہمت کی یاداشت پر دستخطوں کی تقریب میں ایرانی سفارت خانہ کے سینئر ڈپلومیٹ ایم ایم زمانی نے بھی شرکت کی ۔ شعبہ" بین الاقوامی تعاون " کے ڈائریکٹرڈاکٹر زاہد مجید نے ایرانی وفد کو یونیورسٹی کی پروفائل پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر محمد ضیغم قدیر نے پاک ایران برادرانہ تعلقات اور یونیورسٹی کی تعلیمی خدمات اور انتظامی ڈھانچے پر روشنی ڈالی۔
مفاہمت پر دستخط

مزید :

صفحہ آخر -