خوف ’حمایت ‘ سفارش و اثر ور سوخ نیب پر اثر انداز نہیں ہوسکتا ، جاوید اقبال

خوف ’حمایت ‘ سفارش و اثر ور سوخ نیب پر اثر انداز نہیں ہوسکتا ، جاوید اقبال

  



اسلام آباد(صباح نیوز)قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کوئی خوف، حمایت، ڈر، سفارش اور اثر و رسوخ نیب افسران پر اثر انداز نہیں ہو سکتا، اربوں روپے لوٹ کر بیرون ملک بھاگ جانے والوں کو نیب کسی صورت نہیں چھوڑے گا چاہے وہ دنیا کے کسی گوشے میں چلے جائیں ، ہمارے مفادات اور وفاداریاں پاکستان اور پاکستانی عوام سے ہیں، نیب ہر کام قانون کے مطابق کر رہا ہے وفاقی دارالحکومت میں تجاوزات میں ملوث سی ڈی اے افسران کیخلاف بھی مؤثر کارروائی کی جائے گی۔اتوار کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ نیب بلاخوف و ڈر اور اثر و رسوخ کے بدعنوانی کے خاتمہ کے اپنی قومی ذمہ داری نبھانے کیلئے پرعزم ہے، ملکی ترقی میں تاجر براد ر ی کا کردار انتہائی اہم ہے۔ جنہوں نے کروڑوں روپے کی منی لانڈرنگ کی ، ان کے پاس 1980ء میں کچھ نہیں تھا لیکن آج وہ دبئی میں پلازوں کے مالک ہیں، ان کے پاس یہ رقم کہاں سے آئی۔نیب مقدمات کی تفتیش کے دوران کسی کی عزت نفس کو مجروح نہیں کرتا، عزت و احترام اور وقار سے انہیں نیب میں طلب کیا جاتا ہے۔ نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے مالکان کیخلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں کیونکہ انہوں نے غریب لوگوں سے ان کی زندگی بھر کی جمع پونجی لوٹی ہے۔ انہوں نے لوگوں کو نہ پلاٹ دیئے ہیں اور نہ ان کی رقوم واپس کی ہیں جس کے باعث وہ دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ لاہور، ملتان، کوئٹہ سمیت ملک بھر سے ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے 85 کروڑ روپے وصول کرکے متاثرین میں تقسیم کئے ہیں۔ غریبوں کے خون پسینے کی کمائی کے اربوں روپے لوٹ کر بیرون ملک بھاگ جانے والوں کو نیب کسی صورت نہیں چھوڑے گا چاہے وہ دنیا کے کسی گوشے میں چلے جائیں، ان کا پیچھا کریں گے، ان سے لوٹی گئی دولت واپس لائیں گے اور غریبوں تک پہنچائیں گے ۔ موجودہ دور میں کوئی خوف، حمایت، ڈر، سفارش اور اثر و رسوخ نیب افسران پر اثر انداز نہیں ہو سکتا، نیب افسران قانون کے مطابق بد عنوانی کے خاتمہ کو اپنا قومی فرض سمجھ کر اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ تاجر برادری کی شکایات کو فوری طور پر نمٹانے کیلئے نیب ہیڈ کوارٹرز میں خصوصی ڈیسک قائم کیاہے جہاں پر ڈائریکٹر/ڈپٹی ڈائریکٹر کا سطح کا افسر موجود ہے۔ نیب کسی فیس کو نہیں کیس کو دیکھتا ہے، جو کرے گا وہ بھرے گا،ہمارا مقصداربوں روپے باہر لے جانے والوں سے لوٹی گئی رقم واپس لانا ہے۔ نیب ہر کام قانون کے مطابق کر رہا ہے۔

جاوید اقبال

مزید : صفحہ آخر


loading...