فنکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، فیاض الحسن چوہان
لاہور ( فلم رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نوجوانوں کی واحد نمائندہ سیاسی جماعت ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی پرجوش قیادت میں نوجوانوں نے سیاسی جدوجہد میں ہر موقع پر تحریک انصاف اور اپنے قائد کا قدم بہ قدم ساتھ نبھایا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ نوجوانوں کو بھی قومی دھارے میں لایا جائے۔ اس مقصد کیلئے وزیراعظم عمران خان اوروزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں حکومت پنجاب نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے دن رات کوشاں ہے۔ پنجاب میں پہلی بار نوجوانوں کے لئے ریفارمز پروگرام کا اجرا کیا جا رہا ہے۔ اس بین الاقوامی فلم میلے کا انعقاد اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے آج الحمرا میں پنجاب یوتھ افیرز ڈیپارٹمنٹ اور لمز کے باہمی اشتراک سے منعقدہ بین الاقوامی فلم میلے کی اختتامی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ادب و ثقافت سے تعلق رکھنے والے نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں۔ جو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے سفیر ہو تے ہیں۔ سردار عثمان بزدار کی قیادت میں محکمہ اطلاعات و ثقافت نے نوجوان فنکاروں کی فلاح کے لئے بہت اقدامات کئے ہیں اور آئندہ بھی ٹھوس نتائج کے حامل اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وہ دور گیا جب میڈیا کے سامنے صرف ذاتی تشہیر کے لئے فنکاروں سے زبانی کلامی وعدے کیے جاتے تھے۔ فن و ثقافت کے ہر میدان پر مافیا کا قبضہ تھا۔ کہیں فلم مافیا کہیں تھیٹر مافیا اور کہیں ڈرامہ مافیا کا راج تھا۔ مگر اب ایسے نہیں ہو گا۔ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے۔ اب ہر پہلو پر محکمہ ثقافت کی نظر ہو گی۔ ڈرامہ اور فلم کا ریوائیول ہو گا۔ عنقریب معیاری اور فیملی تفریحی پروگراموں کے ذریعے صوبے کی ثقافت کو فروغ دیں گے۔ صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ میں بحیثیت ترجمان حکومت پنجاب اور صوبائی وزیر ثقافت وزیر اعلی ٰکے معاون خصوصی برائے کھیل اور امور نوجوانان ملک عمر فاروق اور صوبائی یوتھ افیئرزڈیپارٹمنٹ کو مبارکباد پیش کروں گا جنہوں نے لمز کے اشتراک سے اس بین الاقوامی فلم میلے کا کامیاب انعقاد کیا ہے۔