تحریک انصاف قائدین کا غربت سے نکالے گئے چینی دیہاتوں کا دورہ

تحریک انصاف قائدین کا غربت سے نکالے گئے چینی دیہاتوں کا دورہ

  



بیجنگ ،اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف اور چین کی کیمونسٹ پارٹی کے درمیان غربت کے خاتمے کیلئے رابطوں میں اضا فے کے سلسلے میں تحریک انصاف اور کیمونسٹ پارٹی کے قائدین نے چین میں غربت کی دلدل سے نکالے گئے دیہاتوں کا دورہ کیا۔ پاکستا ن تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل ارشد داد پارٹی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ دونوں جماعتوں کی قیادت نے مشرقی چین کے تار یخی مقام چوزاؤ کا دورہ کیا جہاں ارشد داد نے کیمونسٹ پارٹی کے سینئر رہنما اور چوزاؤ میونسپل کمیٹی کے سیکرٹری سے ملاقات کی۔ملاقات میں مشرقی چین میں غربت کے خاتمے کے لیے نافذ کیے گئے پروگرام پر پی ٹی آئی کے وفد کو مفصل بریفنگ دی گئی۔ وفد کے اراکین کو غربت کی دلدل سے نکلنے والے علاقوں کا مفصل دورہ کرایا گیا۔کیمونسٹ پارٹی کی سینئر رہنما وان کوانگ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا چین پاکستان کا ہمسایہ اور عزیز دوست ہے۔وزیراعظم عمران خان نے اپنے حالیہ دورہ چین کے دوران غربت کے خاتمے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے،چین غربت جیسے ناسور سے چھٹکارے کیلئے پاکستان کی معاونت پر تیار ہے۔ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل نے اس موقع پر کہا عملی طور پر غربت سے چھٹکارہ پانے والے عوام سے ملاقات ایک نادر موقع ہے۔ انہوں نے غربت سے نکل کر خوشحالی کی جانب گامزن ہونے والے علاقوں کا دورہ ترتیب دینے پر چینی کیمونسٹ پارٹی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ 80 ملین چینی باشندوں کو غربت کی دلدل سے نکالنا چین کا تاریخی کارنامہ ہے۔

مزید : صفحہ آخر


loading...