ڈیمز کی تعمیر کیلئے قوم کا جذبہ 65ء کی جنگ جیسا اگلا ٹارگٹ آبادی کنٹرول کرنا ہے ، چیف جسٹس

ڈیمز کی تعمیر کیلئے قوم کا جذبہ 65ء کی جنگ جیسا اگلا ٹارگٹ آبادی کنٹرول کرنا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


برمنگھم(این این آئی)چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہاہے ڈیمز کی تعمیر کیلئے بچوں سے لیکر بڑوں تک کا جذبہ ایسا ہے جو 1965 ء کی جنگ میں نظر آیا تھا ۔آبادی پر قابو پانے اور منصوبہ بندی سے متعلق سپریم کورٹ میں 12 یا 13 دسمبر کو کانفرنس ہوگی ۔وزیر اعظم بھی شامل ہونگے ۔نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ ڈیمز کی تعمیر کیلئے بچوں سے لیکر بوڑھوں تک سب پاکستانی پرجوش ہیں، یہ کوئی عام صورتحال نہیں بلکہ باقاعدہ مہم بن گئی ہے ۔چیف جسٹس نے پاکستان کی آبادی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آبادی پر قابو پانے اور منصوبہ بندی کیلئے ایک ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے جس میں ملک کے بڑے ماہرین سمیت ہیلتھ سیکریٹری حصہ لیں گے، ان کی نگرانی میں رپورٹ بھی بنائی گئی ہے۔قبل ازیں چیف جسٹس نے ڈیمز فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیں کسی نے تحفے میں نہیں دیا تھا بلکہ پاکستان کیلئے ہمارے بزرگوں نے قربانیاں دیں لیکن پاکستان کیلئے سب سے بڑی قربانی قائداعظم نے دی اور قائد اعظم نے پاکستان کو زندگی کا مشن بنایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی صحت تک کی پرواہ نہ کی لیکن قائد نے پاکستان اس لیے نہیں بنایا کہ یہاں لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم ہو اور کرپشن ہو بلکہ پاکستان ایک ایسا ملک ہو جو ہر آدمی کو زندگی بہتر کرنے کا موقع فراہم کرے۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ تعلیم ہی ملکوں کی ترقی کا راستہ ہے تاہم ملک میں معیاری تعلیم کیلئے سکولوں میں درکار وسائل ہی میسر نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ لیڈر شپ کوالٹی ہوتی ہے کہ پہلے وہ خود مثال بنتا ہے اور پھر لوگ اس کے پیچھے چل پڑتے ہیں، ہم میں اب شعور آگیا ہے کہ اپنی ذات کیلئے نہیں ملک کیلئے کچھ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اپنے آبی ذخائر اور پانی کے حق کا تحفظ کرنا ہے، پانی کسی فیکٹری میں نہیں بنایاجاسکتا اور ہمیں قدرت کی اس نعمت کی قدر کرنا ہو گی۔ نجی ٹی وی کے مطابق چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ کشمیر مجھے اپنی ذات اور برادری سے زیادہ عزیز ہے، کشمیریوں کے حقوق کی پاسداری ان پر احسان نہیں ہمارا فرض ہے۔انہوں نے کہا کہ آبادی پر قابو پانے اور پلاننگ سے متعلق ایک اچھا منصوبہ جلد حکومت کو دینے جا رہے ہیں۔
چیف جسٹس

مزید :

صفحہ اول -