کرتارپور سرحد کھولنے سے تاریخ بن رہی، ثابت کر دیا، پاکستان امن چاہتا ہے، فواد چودھری

کرتارپور سرحد کھولنے سے تاریخ بن رہی، ثابت کر دیا، پاکستان امن چاہتا ہے، ...

  



اسلام آباد (اے پی پی)فواد چوہدری نے کہا ہے کرتار پور بارڈر کھولنے کا فیصلہ امن کے لئے پاکستان کی جانب سے ایک بڑا قدام ہے جسے یورپی یونین سمیت دنیا کی حمایت حاصل ہے ۔انہوں نے کہاہے کہ کرتار پور سرحد کھولنے کے عمل سے تاریخ بن رہی ہے ،پاکستان نے اپنے طرز عمل سے ثابت کیاہے کہ جنوبی ایشیاء میں کون امن چاہتا ہے۔اتوار کو اپنی ٹویٹ میں وفا قی وزیر نے کہاکہ کرتارپورسرحد کے کھولنے سے نئی تاریخ رقم ہورہی ہے اورتاریخ طے کریں گی کہ کون تاریخ کی غلط طرف پر ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت واجب الادا بیرونی ادائیگیوں سمیت قومی معیشت کے فروغ کیلئے کامیابی سے انتظام کر رہی ہے۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان کے غیرملکی دورے انتہائی کامیاب رہے جن سے معیشت کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام اداروں بشمول میڈیا کو سٹریٹجک ری تھنکنگ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام اہم اداروں کو منظم کرنے کیلئے کوشش کر رہی ‘ سیاست میں کوئی حرف آخر نہیں ہوتا اور ہر گزرتے دن کے ساتھ اور صورتحال کے مطابق حکومت اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم اور پبلک سروس ریفارمز پروگرام تقریباً حتمی مراحل میں ہے‘ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ابتدائی 100 دن کے دوران بہت سے اقدامات اٹھائے اور مثبت سمت کی جانب گامزن ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا پاکستان اور سعودی عرب برادرانہ تعلقات سے مستفید ہو رہے ہیں اور ایک دوسرے کو اہمیت دیتے ہیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ چین کے ساتھ کیے گئے تمام معاہدے پاکستان کے مفاد میں اور پاکستان تحریک انصاف کے منشور کے مطابق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کے عوام کے ساتھ انتہائی مخلص ہیں اور سرکاری پیسہ انتہائی احتیاط کے ساتھ استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور گورنر ہاؤسز کے اخراجات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ اعظم سواتی کیس سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے کو تسلیم کرے گی اور اس پر عمل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن حکومت کو مسلسل تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے لیکن کسی بدعنوان کو چھوڑا نہیں جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن صرف احتساب سے بچنے کیلئے شور شرابا کر رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جہانگیر خان ترین نے اپنے تمام اثاثے ظاہر کیے ہیں اور انکم ٹیکس کی مد میں بھاری رقم ادا کردی ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو کے قانون میں ترمیم کے حوالے سے بات چیت جاری ہے لیکن اپوزیشن کی خواہش پر اسے غیرفعال نہیں بنایا جائے گا۔

فواد چوہدری

مزید : صفحہ اول