ایران میں6.4شدت کا زلزلہ ،115زخمی ،عراق وکویت بھی جھول گئے

ایران میں6.4شدت کا زلزلہ ،115زخمی ،عراق وکویت بھی جھول گئے

  



 تہران (مانیٹرنگ ڈیسک )ایران کے شہر سرپل زھاب کے قریب مغربی علاقے میں 6اعشاریہ 4 شدت کے زلزلے میں کم از کم 115 افراد زخمی ہوگئے۔خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ایران کے انسٹیٹیوٹ آف جیو فزکس کا کہنا تھا زلزلے کا مرکز سرپل زھاب سے 17 کلومیٹر دور جنوب مغربی علاقہ تھا اور 7 کلومیٹر گہرا تھا۔صوبے کرمانشاہ کے گورنر ہوشنگ بیزویند نے مقامی نیوز ایجنسی کو بتایا سرپل زھاب اور اس سے ملحق شہر گیلان غرب میں کم از کم 115 افراد زخمی ہوئے۔ایرانی انسٹیٹیوٹ کے مطابق زلزلے کے بعد پورے علاقے میں 7 جھٹکے محسوس کیے گئے اور ان کے اثرات عراق اورکویت کے سرحدی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔ہلال احمر ایران کے عہدیدار مرتضیٰ سلیمی کا کہنا تھا زلزلہ ان علاقوں میں آیا ہے جہاں گزشتہ برس آنیوالے زلزلے کے بعد تعمیراتی کام جاری تھا۔یاد رہے ایران کے صوبے کرمانشاہ میں گزشتہ برس نومبر میں 7 اعشاریہ 3 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں 620 افراد لقمہ اجل بنے تھے جن میں سے اکثریت سرپل زھاب کے رہائشیوں کی تھی۔ایران کے مغربی علاقے میں آنیوالے زلزلے کے جھٹکے پڑوسی ملک عراق کے دارالحکومت بغداد اور عرب ملک کویت میں بھی محسوس کیے گئے ہیں،زلزلہ اتنا شدید تھا کہ بلند و بالا عمارتوں اور گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے جبکہ ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ شہری خوف کے مارے اپنے گھروں سے باہر نکل کر کلمہ کا ورد کرتے رہے ،دوسری طرف امریکہ کے ارضیاتی سروے کے مطابق زلز لے کی گہرائی 65 کلومیٹر تھی اور یہ ایران کے عراق کی سرحد کے نزدیک واقع شہر علم سے 114 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع علاقے میں آیا ہے۔

مزید : صفحہ اول