ملک کو قیام امن سے متعلق سنجیدہ امور کا سامنا ہے، امیر نثار
راولپنڈی (سٹی رپورٹر)خاکسار تحریک پاکستان کے نائب امیر نثار خا ن نے کہاہے کہ ایسی صورت حال میں جبکہ پاکستان کو دفاع وطن ، قیام امن اور معاشی ترقی سے متعلق سنجیدہ امور کا سامنا ہے اس امر کی ضرورت ہے کہ عوامی رہنما اپنے مطالبات کی پذیرائی کے لیے آئین و قانون کا راستہ اپنائیں ۔انہوں نے یہ بات قومی تعمیر و ترقی کے لیے ملک میں امن قائم رکھنے کے حوالے سے شہریوں کی ذمہ داریوں سے متعلق خاکساروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پرسالار ضلع اے کے شیخ ، سالار شہر محمد سلیم ، سالار ادارہ یاور صدیقی، آغا جاوید صدیقی ،ممتاز خان، عبید ملک، ثناء اللہ اختر جاوید بٹ ،منیرالدین بھٹی ،دانش صدیقی،پذیر احمد، ا ختر قریشی ، خالد محمود ، عامر میر ، مسعود کیانی ، قاضی قدوس، صلاح الدین زبیری ، ندیم کھوکھر ، احتشام و عائشہ احتشام و دیگرخاکساررہنما بھی موجودتھے ۔نثار خان نے کہا کہ حکومت سے مطالبات منوانے کے لیے دھرنےّ سڑکوں کو بندکرنا،سرکاری و نجی املاک کی توڑ پھوڑاور شہریوں کے معمولات میں رکاوٹ ڈالنے کا طرز عمل کسی طور پر بھی عوامی مفادات میں نہیں۔انہوں نے کہا کہ حیرت ہے کہ ایک طرف مذہبی رہنما عدلیہ سے زور و دباؤ سے اپنی منشا کے مطابق فیصلے چاہتے ہیں اور دوسری طرف نظام عدل سے وابستہ دانشور اپنے مطالبات منوانے کے لیے عوامی توقع کے برعکس طرزعمل اپنائے ہوئے ہیں۔انہوں نے نے مذکورہ رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ عوام الناس میں اپنے اعلی مقام و حیثیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے ملک میں قیام امن، مشاورت مذاکرات کے ذریعے اپنے مطالبات پیش کرنے نیز عدلیہ کے فیصلوں کا خود احترام کریں بلکہ عوام الناس کی بھی رہنمائی کریں۔