سرکاری نیلامی کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے، مرتضیٰ وہاب

سرکاری نیلامی کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے، مرتضیٰ وہاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات و قانون اور اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سرکاری نیلامی کے عمل کو نمایاں اور شفاف بنانے کے لیے پروکیورمنٹ اتھارٹی کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی مشیر نے ہدایات دیں کہ سرکاری نیلامی کے ٹینڈر کے بولی دہندگان کی تمام جائز شکایات اور اس کو رفع کرنے سے متعلق تجاویز کو دستاویز میں رکھنا ہوگا تاکہ بعد میں کسی بھی بولی دہندہ کو اس کے کاغذات سے متعلق جانچ پڑتال کو سامنے لایا جاسکے۔ پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے مینیجنگ ڈائریکٹر محمد اسلم غوری نے صوبائی مشیر کو پروکیورمنٹ سے متعلق قانون سازی کی پروجیکٹر پر پریزنٹیشن دیتے ہوئے آگاہی دی۔ صوبائی مشیر نے کہا کہ بولی دہندگان کی تعداد کو متعلقہ ٹینڈر سے متعلق کم سے کم پورے ٹینڈر کی رقم کا دو فیصد زر ضمانت قابلِ واپسی جمع کرانے کو لازم کیا جائے تاکہ بولی دہندہ کی سامنے آنے والی کسی بھی شکایت کو اس کی ٹینڈر سے متعلق دلچسپی و دل جمعی کے تحت اس کی شکایت کو دور کرنے میں پروکیورمنٹ اتھارٹی کو آسانی ہوسکے مزید برآں صوبائی مشیر نے ہدایت دی کہ بولی دہندگان کو ٹینڈر جمع کرنے کیلئے متعلقہ دفاتر کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کے دفاتر میں بھی اس کو جمع کرنے کا انتظام کیا جائے تاکہ کسی بھی وجہ سے بولی دہندہ اگر متعلقہ ادارے کے دفتر تک نہ پہنچ سکے تو متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے دفتر میں ٹینڈر سے متعلق اپنی بولی جمع کرسکے اس کے علاوہ بذریعہ ڈاک اور ای میل کے ذریعے بھی ٹینڈر جمع کرانے کیلئے الیکٹرانک نظام کو مؤثر بنایا جائے جس میں زر ضمانت کے پے آرڈر کے نمبر کے اندراجات اس ای میل کے ذریعے ارسال ہوں۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل ایڈمنسٹریشن عبد الوہاب سومرو ، مینیجنگ ڈائریکٹر سندھ پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی محمد اسلم غوری، سیکریٹری قانون محمد شارق، ڈائریکٹر پروکیورمنٹ جاوید صبغت اللہ مہر، پروکیورمنٹ اسپیشلسٹ علی امام قادری اور دیگر افسران نے شرکت کی۔