حافظ نعیم الرحمن کی شہید اہلکار عامر خان کے بھائی سے اظہار تعزیت
کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے چائنا قونصلیٹ میں دہشت گردی کے واقعے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار شہیدعامر کے گھر نیلم کالونی میں جاکران کے بھائی عمر خان ویگر بھائیوں سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیااس موقع پر سکریٹری جماعت اسلامی ضلع جنوبی سفیان دلاور ، کونسلر کنٹونمنٹ بورڈ ذکرمحنتی ، ناظم زون امتیاز خان اور سفیر عباسی ودیگر بھی موجود تھے۔اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے کراچی میں چینی قونصل خانے پر دستی بم سے حملے اور فائرنگ کو انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس واردات کے پیچھے امریکہ ،اسرائیل اور بھار ت کے کردار کو خارج ازامکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔یہ کارروائی برسوں پر محیط پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے اور حالیہ دنوں میں دونوں ہمسائے ممالک کے درمیان شروع ہو نے والے تجارتی تعلقات بالخصوص سی پیک کے منصوبے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔ حملے میں سیکوریٹی اہلکاروں کی جانب سے جوابی کارروائی اور قونصل خانے کے عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کی کوششیں قابل ستائش ہیں جن میں دو اہلکار شہید بھی ہو گئے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت ، قانون نافذ کر نے والے اداروں اور اعلیٰ تحقیقاتی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس حملے کے محرکات اور اس کے پیچھے خفیہ ہاتھ کو بے نقاب کر نے کے لیے ہر پہلو سے تفتیش کریں اور حقائق عوام کے سامنے لائیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی میں دہشت گردی کی یہ کارروائی اس لحاظ سے بھی بہت اہم ہے کہ کراچی میں کافی عرصے سے جاری ٹارگیٹڈ آپریشن کے بعد امن وامان کی صورتحال قدر ے بہتر ہو گئی تھی لیکن اس کارروائی نے یہ بات واضح کی ہے کہ بیرونی مداخلت دہشت گردی اور دہشت گردوں کا نیٹ ورک ابھی ختم نہیں ہو اہے۔ اس لیے قانون نافذ کر نے والوں کی ذمہ داری ہے کہ صورتحال کو کنٹرول کر یں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم حملہ آوروں کے خلاف کارروائی میں شہید ہو نے والے اہلکاروں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالی ان کو صبر جمیل عطاء فرمائے اور شہداء کے درجات بلند کرے۔#