سپریم کورٹ کے حکم کی تعمیل میں زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کی ہے :میئر کراچی

سپریم کورٹ کے حکم کی تعمیل میں زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کی ہے :میئر کراچی

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر )میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ انسداد تجاوزات آپریشن سپریم کورٹ کے حکم پر جاری ہے، نالوں اور پارکس پر بنائی جانے والی مارکیٹیں ختم کی جائیں گی، جن کا کاروبار متاثرہواہے ان کومتبادل دیں گے اور ایمپریس مارکیٹ کے متاثرین کو شہاب الدین مارکیٹ میں جگہ فراہم کی جائے گی۔اتوارکو خصوصی گفتگوکرتے ہوئے میئر کراچی نے کہاکہ عوامی مقامات پر موجود تمام تجاوزات کو سپریم کورٹ کے حکم پر ختم کیا جائے گا، تمام فٹ پاتھ مارکیٹس کلیئر کرائے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ سڑکوں پرکوئی ریسٹورنٹ ہویاجنریٹرہو سب کلیئرکیاجائیگا، غیر قانونی عمارتوں کے خلاف کارروائی کرنا کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ذمہ داری ہے، پولیس دوبارہ تجاوزات بنانے والوں کے خلاف کارروائی کرے گی۔میئر کراچی نے کہاکہ جن علاقوں یا بازاروں میں آپریشن کیا گیا وہاں دوبارہ تجاوزات قائم نہیں کی گئی بلکہ پتھارے لگائے گئے ہیں، تجاوزات کی دوبارہ تعمیر نہیں ہونے دیں گے، سپریم کورٹ کے حکم کی تعمیل میں زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیارکی ہے۔وسیم اختر نے کہاکہ کراچی میں 40سے45سال کابگاڑ ہے،جس کے تمام متعلقہ ادارے ذمہ دار ہیں، تجاوزات کے خلاف اگر ماضی میں کارروائی نہیں کی گئی تو اس میں محکموں کی غلطیاں ہیں، ہم کسی ریسٹورنٹ کے خلاف نہیں ہیں بلکہ عدالتی حکم پر کام کررہے ہیں۔میئر کراچی نے اعلان کیا کہ جن کا کاروبار متاثرہوا انہیں متبادل جگہ فراہم کی جائے گی، شہری حکومت کے پاس کچھ جگہیں موجود ہیں جنہیں متاثرین کو متبادل کے طور پر فراہم کیا جائے گا، اسی طرح ایمپریس مارکیٹ کے متاثرین کوشہاب الدین مارکیٹ میں جگہ دی جائے گی البتہ جن لوگوں نے سرکاری زمین پر تجاوزات قائم کیں انہیں کوئی متبادل نہیں ملے گا۔دوسری جانب ڈائریکٹر لینڈ کے ڈی اے نے کہاہے کہ نیپاسے حسن اسکوائرتک تجاوزات ختم کی جا چکی ہیں، لوگوں کو آگاہی مل گئی کہ آئندہ شہر میں تجاوزات کاسلسلہ نہیں چلے گا، ہم سب کی کوشش ہے کہ کراچی کو اس کی اصل شکل میں واپس لائیں۔

Back

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...