کراچی، گورنر سندھ کا سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کا تفصیلی دورہ

کراچی، گورنر سندھ کا سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کا تفصیلی دورہ

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے آج سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے مرکزی دفتر بہادر آباد کا دورہ کیا۔گورنر سندھ کی سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ آمد پر ٹرسٹ کے منتظم اعلی مولانا بشیر فاروقی نے گورنر سندھ کو سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام کام کرنے والے تمام شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کروایا اور انسانی خدمت و قدرتی آفات میں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے کی جانے والی خدمات سے آگاہ کیا۔ٹرسٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ بلاتفریق رنگ و نسل سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ انسانیت کی بہترین خدمت سر انجام دے رہا ہے۔ عمران اسماعیل کے مطابق فلاحی کاموں کے انعقاد سے معاشرے میں بہتری و ترقی کا نیا سفر شروع کیا جاسکتا ہے لہذا درد دل رکھنے والے مخیر حضرات کو بڑھ چڑھ کر اس طرح کی سرگرمیوں میں حصہ لینا چاہئے۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت ملک سے غربت کے خاتمے کے تسلسل میں ہیلتھ کارڈ کے اجرا پر کام کررہی ہے جس کے ذریعے خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد کو سالانہ چھہ لاکھ روپے تک کی میڈیکل سہولیات مل سکیں گی۔اس موقع پر گورنر سندھ نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بے گھر افراد میں کپڑوں، کمبلوں اور دیگر اشیا کی تقسیم کے ساتھ ساتھ شیلٹر ہومز کی تعمیر کے حوالے سے دی جانی والی ہدایات کا بھی ذکر کیا۔ انھوں نے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کو دس لاکھ روپے کا عطیہ دینے کا اعلان بھی دیا۔

مزید : کراچی صفحہ اول