آئیڈیاز 2018نمائش کا افتتاح کل وزیراعظم عمران خان کریں گے

آئیڈیاز 2018نمائش کا افتتاح کل وزیراعظم عمران خان کریں گے

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر)دفاعی مصنوعات کی دسویں بین الاقوامی 4روز نمائش کاآغاز کل سے کراچی ایکسپو سینٹر میں ہوگا، وزیراعظم عمران خان نمائش کا افتتاح کریں گے،منتظمین کے مطابق نمائش کے موقع پر مختلف اہم سرگرمیاں، دفاعی ٹیکنالوجی کے مظاہرے، عالمی سیمینار اور بری، بحری اور فضائی کانفرنسز کا انعقاد بھی کیاجائے گا۔ آئیڈیاز2018میں کراچی شو، انسداد دہشت گردی کا مظاہرہ، نیٹ ورکنگ، اور کمپنیوں کے مابین تجارتی روابط اور کمپنیوں اور حکومتی سطح پر امور طے ہوں گے۔ آئیڈیاز 2018ء میں دنیا بھر سے دفاعی صنعت اپنی مصنوعات اور ٹیکنالوجی کو پیش کرے گی۔ اس موقع پر اعلیٰ سرکاری اور دفاعی مندوبین اور تجارتی وفود آئیڈیاز 2018ء میں شرکت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار ایکسپو سینٹر میں نمائش کے حوالے سے ایک بریفنگ میں ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن(ڈیپو) وزارت دفاع کے حکام نے کیا۔بریگیڈیئر وحید ممتاز، ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن، کموڈور طارق محمود، ایئر کموڈور طاہر انور ، بریگیڈیئر علی عامر حیدر ڈیپو، بریگیڈئیر عابد علی عسکری، ڈی آئی جی پی ٹریفک ایسٹ، جاوید علی مہر اور ظہیر نصیر چیف آپریٹنگ آفیسر ، بدر ایکسپو سلوشنز بھی بریفنگ میں موجود تھے۔نمائش کا عظیم الشان افتتاح 27 نومبر کو کیا جائے گا جو 30 نومبر تک جاری رہے گی۔ نمائش کے ابتدائی دو روز مقامی و عالمی مندوبین، تجارتی وفود وغیرہ کے درمیان کاروباری اشتراک کے لیے مختص کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر انٹرنیشنل سیمینار بھی ہوگا جس میں ابھرتے ہوئے عالمی اور خطے کے نئے عسکری چیلنجز میں پاکستان کے کردار پر بات کی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ آئیڈیاز 2018ء کے حوالے سے پاکستان پوسٹ آفس دس روپے کی مالیت والا خصوصی یادگاری ٹکٹ بھی جاری کرے گا۔ اس موقع پر دو روسی نیول جہاز بھی پاکستان کا دورہ کررہے ہیں۔ اس نمائش میں پاکستان کی جدید دفاعی سازو سامان گلوبل انڈسٹریل سلوشنز، پاکستان آرڈیننس فیکٹریز، ملٹری وہیکلز ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ اسٹیبلشمنٹ، شبلی الیکٹرونکس، یونیورسل اسمارٹ ملٹری سسٹمز اور داؤدسن آرمری ہیں ان کا بھی افتتاح کیا جائے گا اور نمائش میں انہیں اجاگر کیا جائے گا۔آئیڈیاز 2018ء میں گزشتہ تمام آئیڈیاز کے مقابلے میں زیادہ جگہ کمپنیوں نے اپنی مصنوعات کو اجاگر کرنے کے لیے حاصل کی ہے جبکہ اس بار عالمی وفود اور نمائش کنندگان کی تعداد بھی دیگر سابقہ آئیڈیاز سے زیادہ ہے۔ کراچی ایکسپو سینٹر کو اس کی گنجائش کے مطابق مکمل طور پر کمپنیوں نے بکنگ کے لیے حاصل کیا ہے اس میں 522 نمائش کنندگان جن کا تعلق پاکستان سمیت 51ملکوں سے شامل ہیں۔تجارتی وفود کے علاوہ 51 ملکوں سے 262 اعلیٰ سطح کے مندوبین بھی نمائش کا دورہ کریں گے۔ چین، چیک ری پبلک، فرانس، جرمنی، اٹلی، اردن ، پولینڈ، روس، جنوبی کوریا، ترکی، عرب امارات، یوکرین اور امریکا نے اپنے خصوصی پویلین قائم کیے ہیں۔ اس موقع پر ڈی آئی جی پی ٹریفک ایسٹ، جاوید علی مہر نے بھی خطاب کیا اور متبادل ٹریفک کے منصوبے میں بارے میں بتایا۔ کراچی کے شہریوں کے لیے 29 نومبر کو نشان پاکستان، سی ویو پر ایک شاندار شو کا بھی انتظام کیا گیا ہے جبکہ 30 نومبر کو عوام نمائش میں شرکت کرسکیں گے۔ آئیڈیاز پاکستان کی نمائش ہے اور کراچی کے شہری دنیا بھر سے آنے والے شرکاء اور مندوبین کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...