مردان،ہری پور،ڈی آئی خان ور بنوں سپورٹس کمپلیکس اپ گریڈیشن سکیموں کی منظوری

مردان،ہری پور،ڈی آئی خان ور بنوں سپورٹس کمپلیکس اپ گریڈیشن سکیموں کی منظوری

  



پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے کھیل و سیاحت محمد عاطف خان نے مردان میں کھلاڑیوں کی سہولت کے لئے سپورٹس ہاسٹل سمیت مردان سپورٹس کمپلیکس میں انڈور جمنازیم اتھیلیٹکس ٹریک اورجم بنانے کے علاوہ مردان ، ہری پور ، ڈی آئی خان اور بنوں سپورٹس کمپلیکس اپ گریڈیشن سکیموں کی منظوری دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ اس پر جلد از جلد کام شروع کیا جائے ۔ یہ منظوری انہو ں نے کھیلوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی ۔ اس موقع پر مردان سے منتخب ایم پی اے ظاہر شاہ طورو اور ڈی جی سپورٹس جنید خان سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔ڈی جی سپورٹس جنید خان نے سینئر وزیر کو نئے سکیموں کے بارے میں بریفنگ دی۔ نئی سکیموں میں قیوم سٹیڈیم پشاور میں فٹ بال گراؤنڈ کی تعمیر کے علاوہ سپورٹس اکیڈیمی اور سائکلنگ ویلڈرم بھی شامل ہے ۔ تمام نئے سکیموں کی منظوری دیتے ہوئے سینئر وزیر محمد عاطف خان نے اسے جلد از جلد شروع کرنے اور مقررہ وقت میں معیار کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔ محمد عاطف خان نے حکومت کی طرف سے پانچ سال میں اعلان کردہ 1000گراؤنڈز میں مردان کے علاقے طورو اور غلہ ڈھیر میں پچاس کینال اراضی پر سپورٹس گراؤنڈ شامل کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ عاطف خان نے کہا کہ ہمارے صوبے کے نوجوانوں میں کافی صلاحیتیں موجود ہیں اور کسی بھی شعبے میں دیگر صوبوں کے کھلاڑیوں سے پیچھے نہیں ۔ یونس خان ، جہانگیر خان اور جانشیر خان سمیت کئی مایہ ناز کھلاڑی اس کے واضح ثبوت ہیں جنہوں نے صوبے اور ملک کا نام روشن کیا ہے ۔ حکومت نوجوانوں کو تمام سہولیات فراہم کرے گی تاکہ وہ مستقبل میں صوبے اور ملک کا نام روشن کر سکیں ۔

مزید : کراچی صفحہ اول