وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی کا زمرد کے کان کا دورہ

وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی کا زمرد کے کان کا دورہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخواکے وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی خان نے گزشتہ روز مینگورہ سوات میں زمرد کان کا دورہ کیا۔ وہاں کے مسائل اور غیر قانونی کان کنی کا جائزہ لیا ۔ محکمہ معدنیات کا اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور دوسرا عملہ بھی ان کے ہمراہ تھا ۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد علی نے معدنیات کے ضلعی حکام کو ہدایت کی کہ وہ غیر قانونی کان کنی کا مکمل خاتمہ کرکے دو ماہ کے اندر اندر حکومت کو اپنی پرفارمنس دکھائے ۔ انہوں نے اس بات پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے زمرد کے کان بھی نقصان میں ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی سرکاری مشینری میں یہ احساس بیدار کرنے کی ضرورت ہے کہ ہمارا کوئی بھی عمل اس وقت تک منافع بخش نہیں ہو سکتا اور ہم خوشحالی کی منزل کی جانب اس وقت تک گامزن نہیں ہو سکتے جب تک ہم ایمانداری سے اپنے معاملات نہیں چلائیں گے ۔ ڈاکٹر امجد آفریدی نے کہا کہ وہ معدنیات کو ایک ایماندار محکمہ بنانے اور اس کے پورے عملے کو ایک محب وطن اور محب قوم سیٹ اپ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس جستجو میں جو بھی افسر اور اہلکار اپنی خدمات پیش کرے گا اور ایمانداری سے اپنے اپنے دائرہ اختیار میں اصلاح کا کام کرے گا وہ ہی ہمارے پیاروں کی فہرست میں شامل ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومتیں آتی جاتی ہیں اور سرکاری افسر اور اہلکار تسلسل کے ساتھ عوام کی خدمت میں لگے رہتے ہیں لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ سرکاری محکموں میں حقیقی اصلاحات لائی جائیں ۔ سرکاری عملے کو یہ احساس دلانے کی ضرورت ہے کہ ایمانداری ، سچائی اور لگن سے ہی ملک اور قوم کی تقدیر کو بدلا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر یقین دلایا کہ حکومت سوات میں معدنیات سے متعلق تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔