یاسر شاہ چھاگئے، ایک ہی اوور میں کتنے کیوی شکار کرڈالے؟ جان کر آپ کو بھی فخر ہوگا

دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران یاسر شاہ نے کیویز کے کشتوں کے پشتے لگادیے۔ صرف ایک ہی اوور میں تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر میچ پر شاہینوں کے مضبوط پنجے گاڑ دیے۔
تیسرے روز کے کھیل کے دوران کھانے کے وقفے تک نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگ میں 63 رنز بناچکی ہے جبکہ اس کے 4 کھلاڑی آﺅٹ ہوئے ہیں۔ لیگ سپنر یاسر شاہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ہی اوور میں تین شکار کیے۔ انہوں نے سب سے پہلے لیتھم کو نشانہ بنایا جس کے بعد دوسری گیند پر ٹیلر بھی چلتے بنے۔ اس کے بعد یاسر شاہ نے نکولس کو ٹھکانے لگا کر نہ صرف کیویز پر پریشر بڑھادیا بلکہ میچ پر شاہینوں کی پوزیشن بھی مضبوط کردی۔ یاسر شاہ نے تینوں کھلاڑیوں کو ایک ایک گیند کے وقفے سے آﺅٹ کیا۔ اس سے قبل پہلی اننگ میں گرین شرٹس نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 418 رنز بنا کر اننگ ڈیکلیئر کردی تھی ۔