پہلی مرتبہ تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی نے ’کے فور ‘ واٹرمنصوبے میں مزید شفافیت لانے پر اتفاق کرلیا

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی نے کے فور واٹرمنصوبے میں مزید شفافیت لانے پر اتفاق کرلیا, وزیراعلیٰ سندھ نے بھی اعتراف کیا کہ کے فور منصوبہ کامیابی سے مکمل کرنے کے لیے صوبائی حکومت کو وفاق کیساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہےجبکہ فیصل واوڈا نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ وزیراعظم کو آگاہ کردیاگیا ہے کہ کے فو رمنصوبے کے لیے بجٹ میں اضافہ ہوا ہے ۔
ڈان نیوز کے مطابق وفاقی وزیرِ فیصل واوڈا نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی اور کراچی کو پانی فراہم کرنے والے کے فور منصوبے میں وفاقی حکومت کی شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فیصل واوڈا نے بتایاکہ وفاقی حکومت صوبائی معاملات میں مداخلت کی پالیسی نہیں چاہتی،پانی کی چوری روکنے کے الزام کی حقیقت جاننے کے لیے پیٹرولنگ کا نظام لانا چاہتے ہیں۔اس میٹنگ میں سعید غنی بھی موجود تھے۔
سندھ کے وزیربلدیات سعیدغنی نے فیصل واوڈا کی مرادعلی شاہ سے ملاقات کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے میڈیا نمائندگان کو بتایاکہ دونوں عہدیداران کے درمیان کے فور منصوبے پر بات چیت ہوئی جبکہ کئی تجاویز پر بھی اتفاق کرلیا گیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل اس کے فور منصوبے میں صوبائی حکومت کو توقع ہے کہ وہ وفاقی حکومت سے نصف اخراجات کروانے میں کامیاب ہوجائے گی۔صوبائی وزیربلدیات نے کراچی سے غیرقانونی ہائیڈرینٹس کے خاتمے کی یقین دہانی بھی کرائی۔