ہر چینی شہری قونصل خانے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے اہل خانہ کیلئے ایک یوآن عطیہ کرے گا: لی جین ژؤ

ہر چینی شہری قونصل خانے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے اہل خانہ کیلئے ایک ...
ہر چینی شہری قونصل خانے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے اہل خانہ کیلئے ایک یوآن عطیہ کرے گا: لی جین ژؤ

  



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان میں چین کے ڈپٹی چیف آف مشن لی جین ژؤ نے اعلان کیا ہے کہ قونصل خانے میں دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کے لیے ہر چینی شہری ایک یوآن عطیہ کرے گا۔ایک یوآن کی قدر 19 روپے سے زائد کے برابر ہے اور اس مہم میں 27 ارب روپے سے زائد جمع ہونے کی امید کی جارہی ہے۔

ڈپٹی چیف آف مشن لی جین ژؤ نے کہا کہ چینی شہریوں کی جانب سے کراچی میں دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنانے والے پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ بعض چینیوں نے شہید اہلکاروں کے اہل خانہ کے لیے پورے ماہ کی تنخواہ دے دی جبکہ ہر چینی شہید اہلکاروں کے اہلِ خانہ کے لیے ایک یوآن عطیہ کرے گا۔

لی جین ژؤ کا کہنا تھا کہ عطیات دینے والے افراد کا ماننا ہے کہ پاک چین دوستی صرف باتوں کی حد تک نہیں بلکہ اس کی جڑیں دونوں ممالک کے عوام کے دل میں موجود ہیں۔چینی عہدیدار کا کہنا تھا کہ وہ دہشت گردوں کو پیغام دینا چاہیں گے پاک چین دوستی کو سبوتاژکرنے کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ڈپٹی چیف آف مشن لی جین ژو نے کہا کہ یہ تقریب پاکستان میں مقیم چینی شہریوں کی جانب سے رضاکارانہ طور پر منعقد کی گئی تھی۔

مزید : اہم خبریں /قومی


loading...