”عمران خان نے بھی نواز شریف کی طر ح یہ وعدہ کیا لیکن۔۔۔“حامد میر نے ایسی بات کہہ دی کہ وزیراعظم عمران خان اور نواز شریف دونوں دنگ رہ جائیں گے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم عمران خان ماضی میں لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے بھرپور طریقے سے آواز اٹھاتے رہے ہیں اور معروف اینکر پرسن حامد میر کے پروگرام میں کئی بار وعدہ کر چکے ہیں کہ حکومت ملنے کے بعد اس مسئلے کو حل کریں گے لیکن تاحال اس معاملے پر خاصی پیش رفت نہیں ہوئی ہے ،اس حوالے سے وفاقی حکومت نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل سے بھی معاہدہ کیا تاہم ابھی تک اس معاہدے پر بھی مکمل طور پر عمل نہیں ہوا جس پر اینکر پرسن حامد میر وقتاً فوقتاًبات بھی کرتے رہے ہیں اب ایک بار پھر انہوں نے عمران خان کو وعدہ یاد کرایا ہے ۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر حامد میر نے کہا کہ ایک دفعہ نہیں عمران خان نے بار بار کیپیٹل ٹاک میں لاپتہ افراد کا مسئلہ حل کرنے کا وعدہ کیا تھا اسی طرح کے وعدے نواز شریف نے بھی حکومت میں آنے سے پہلے کئے تھے وہ بھی حکومت میں آ کر اپنے وعدے بھول گئے تھے امید ہے کہ عمران خان اپنا وعدہ پورا کریں گے اور نواز شریف نہیں بنیں گے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملہ ہوا تھا جس کے بعد یہ خبر سامنے آئی تھی کہ حملہ کرنے والا ایک شخص لاپتہ افراد کی فہرست میں شامل تھا تاہم حامد میر نے کہا تھا کہ چینی قونصل خانے پر حملے میں ملوث کوئی بھی شخص لاپتہ افراد کی فہرست میں شامل نہیں ،عمران خان لاپتہ افراد کے حوالے سے اپنا وعدہ پورا کریں ۔