اپوزیشن کا حکومت کے 100دنوں پر ردعمل بدترین بد یانتی ہے :حسن نثار
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تجزیہ کار حسن نثار نے کہاہے کہ اپوزیشن کا حکومت کے 100دنوں پرردعمل بد ترین بدیانتی ہے ، تحریک انصاف کو ٹاسک فورسز حکومت میں آنے سے قبل بنانی چاہئے تھیں۔
جیونیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں گفتگو کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ اپوزیشن کا حکومت کے سو دنوں پر ردعمل بدترین بد دیانتی ہے ، سودن کی بات سمت کے تعین کرنے کے علاوہ کچھ نہیں تھی ، اپوزیشن 32سالوں میں ملک کو کنگال کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کر سکتی اور اب تحریک انصاف کی حکومت سے ہتھیلی پر سرسوں جمانے کا کہہ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت درست سمت میں جارہی ہے ، اتنے دنوں میں صرف یہی ہوسکتا تھا کہ ٹاسک فور سز بنائی جا سکتیں لیکن تحریک انصاف کویہ کام حکومت میں آنے سے پہلے کرناچاہئے تھا ، اس عمل سے مایوسی ہوئی ہے لیکن حکومت کی ترجیحات بہر حال درست سمت میں جارہی ہیں۔ حسن نثار کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف ایک کاروباری آدمی ہیں اور ان کوڈیل کے سوا کچھ نہیں آتا ۔