وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا پالیسی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے مشاورتی اجلاس جاری رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خارجہ پالیسی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے مشاورتی اجلاس جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خارجہ پالیسی کا جائزہ لینے کیلئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری خارجہ، سابق سفراء ، سابق خارجہ سیکرٹریز اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران خارجہ پالیسی کو مزید فعال بنانے کیلئے علاقائی اور عالمی سطح پر بھرپور سفارتی رابطوں کی تجویز دی گئی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ سفارتکاری کے ماہرین کی طرف سے آنے والی تجاویز ہمارے لئے بہت اہمیت کی حامل ہیں اور ان کا بغور جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ نے خارجہ پالیسی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے مشاورتی اجلاس جاری رکھنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔