چند ہزار بندوں کوگرفتار کرنے سے کسی کابیانیہ ختم نہیں کیا جاسکتا :حفیظ اللہ نیازی

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تجزیہ کار حفیظ اللہ نیاز ی نے کہاہے کہ چند ہزار بندوں کوگرفتار کرنے سے کسی کابیانیہ ختم نہیں ہوسکتا ، افسوس کی بات یہ ہے کہ ریاست نے پہلے تحریک لبیک کوسنجیدہ نہیں لیا ۔
جیونیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں گفتگو کرتے ہوئے حفیظ اللہ نیاز ی نے کہا کہ چند سو یا چند ہزار بندوں کوگرفتار کرنے سے کسی کا بیانیہ ختم نہیں ہوسکتا ، افسوس کی بات یہ ہے کہ جب تحریک لبیک کے لوگ سامنے آئے تھے تو ریاست نے اس کوسنجیدہ طور پر نہیں لیا لیکن جب یہ دوسری مرتبہ سامنے آئے تو پھر پتہ چلا کہ ریاست کو ہلا کررکھ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ چیز ختم نہیں ہوگی بلکہ اس کے خطرات منڈلاتے رہیں گے اور جس طرح پہلے ہم نقصانات دیکھ چکے ہیں ،کہیں اب بھی کوئی بہت بڑا نقصان نہ ہوجائے ۔
چودھری نثار کے حوالے سے سوال پر انہوں نے انکشاف کیا کہ جب نوازشریف وزارت عظمیٰ سے فارغ ہوکر آئے تو چودھری نثار کی تجویز تھی کہ نواز شریف خاموشی سے موٹر وے سے ہوتے ہوئے گھر جائیں اورچپ کر کے بیٹھ جائیں لیکن کچھ لوگوں نے اس کی مخالفت کی کہ اگر نوازشریف موٹر وے سے لاہور گئے تو ان کی سیاست کا جنازہ نکل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چودھری نثار کی بھی بہت سے غلطیاں ہیں اور نوازشریف نے بھی ان سے بہت سی زیادتیاں کی ہیں۔