اے آر ایف میں 199، فالکن فورس میں 145 جوانوں کی آمد خوش آئند
لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)ڈی آئی جی آپریشنز لاہوراشفاق خان نے کہا ہے کہ اینٹی رائٹ فورس میں 199 جبکہ فالکن فورس میں 145 جوانوں کی آمد سے سروس ڈیلیوری میں مزید بہتری آئے گی۔ملکی و غیر ملکی اہم شخصیات کی کلوز کارڈن سکیورٹی یقینی بنانے میں فالکن فورس کا اہم کردار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں اینٹی رائٹ اورایس ایس یو فالکن فورس میں شامل ہونے والے پولیس جوانوں سے خطاب کے دوران کیا۔ ایس ایس پی آپریشنزلاہور محمد نوید، ایس پی سکیورٹی لاہور بلال ظفر اور ایس پی ہیڈ کوارٹرز سید کرار حسین ودیگر متعلقہ افسران اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہوراشفاق خان نے کہا کہ اینٹی رائٹ فورس کے جوان لاء اینڈ آرڈر،احتجاجی جلسوں، ریلیوں اور دھرنوں کوکنٹرول کرنے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ فالکن فورس کے جوان بھی ڈیوٹی کے دوران جدید سیکورٹی تکنیک، بہترین پیشہ ورانہ مہارت اور طرز عمل کا مظاہرہ کریں۔آپریشنز ونگ کی دونوں جدید فورسز کی خدمات کا معیار کسی بھی عالمی معیار کے سکیورٹی یونٹ سے کم نہیں۔اشفاق خان نے کہا کہ فالکن فورس اور اینٹی رائٹ یونٹ میں شامل ہونے والے جوان دوران ڈیوٹی سکیورٹی امور کے تمام ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بناِئیں۔