ملک میں بچوں اور خواتین کیخلاف جرائم کا خاتمہ انتہائی ضروری: عارف علوی 

ملک میں بچوں اور خواتین کیخلاف جرائم کا خاتمہ انتہائی ضروری: عارف علوی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (آئی این پی/ آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک میں بچوں کے خلاف جرائم کا خاتمہ اور خواتین کا تحفظ انتہائی ضروری ہے، خواتین کو صنفی امتیاز کے معاملے پر باہر آنا چاہیے کیونکہ خواتین کو با اختیار بنائے بغیر ملکی ترقی کے اہداف پورے نہیں کئے جا سکتے،سماجی مسائل پر میڈیا کو اہم کردار ادا کرنا ہو گا۔پیر کو خواتین کے حوالے سے خواتین پر تشدد کے خاتمہ کے عالمی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ  پاکستان میں قانون ہے لیکن عملدرآمد کی ضرورت ہے، ملک میں خواتین کا تحفظ انتہائی ضروری ہیے صدر مملکت نے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل اور حراساں کرنے کے واقعات کا خاتمہ ضروری ہے اور ملک میں امن و امان کی پیروی کیلئے ایسے اقدامات کا روکنا ضروری ہے، ملک میں بچوں کے خلاف جرائم کاخاتمہ کرنا ہو گا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پارلیمنٹ میں عورتوں کے خلاف  جرائم روکنے کیلئے موثر قوانین بنائے گئے جبکہ عورتوں اور بچوں کے خلاف مقدمات کا فیصلہ 6 ماہ میں ہو جانا چاہیے اور ان معاملات پر حکومت اور اپوزیشن کو مل کر کام کرنا چاہیے، سماجی مسائل پر میڈیا کو اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ خواتین کیلئے تشدد یا کسی واقعے کے خلاف شکایت کرنا مشکل ہوتا ہے اور خواتین گھریلو تشدد سے متعلق شکایات کیلئے بھی نہیں جا سکتی ہیں جبکہ کچھ معاملات میں خواتین کو آگے بڑھ کر حصہ لینے پرخوشی ہوتی ہے اور فریقین کو صنفی امتیاز کے معاملے پر باہر آنا چاہیے، خواتین کو شریعت کے مطابق ان کا حصہ دینا چاہیے کیونکہ خواتین کو با اختیار بنائے بغیر ترقی کے اہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے ہیں۔دریں اثناء  صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارتی فسطائی حکومت مقبوضہ جموں کشمیر میں مسلسل انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہے،کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر کے 113 روز سے سخت گیر کرفیو نافذ کرکے شہری حقوق سلب کر لئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا اصل مقصد بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر کی جغرافیائی حیثیت کو تبدیل کرنا ہے جس کے لئے وہ اقوام متحدہ کی متعدد قراردادوں اور انسانی حقوق کے طے شدہ اصولوں سے انحراف کررہا ہے۔ایوان صدر سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے قطر امیری گارڈ کے کمانڈر سٹاف میجر جنرل حزہ بن خلیل بن منصور الشہوانی سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے اپنے وفد کے ہمراہ یہاں ایوان صدر میں صدر مملکت سے ملاقات کی۔انہوں نے کہا کہ بھارتی جنتا پارٹی کی قیادت میں بھارتی حکومت نے بھارت میں بسنے والے اپنی تمام اقلیتوں کے ساتھ معاندانہ رویہ اختیار کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔ صدر مملکت نے قطر پر بھی زور دیا کہ وہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کے لئے حکومت پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرے اور اس تنازعہ کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔صدر مملکت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے، انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان قریبی سیاسی، اقتصادی اور تزویراتی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے اپنی مسلح افواج کے سلامتی اور پیشہ وارانہ مہارتوں کے حامل وسیع تجربے کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فٹ بال ورلڈ کپ 2022ء کے لئے قطر کو سکیورٹی فراہم کر سکتا ہے۔
عارف علوی

مزید :

صفحہ آخر -